لاہور (مشرق نیوز) پاکستانی اداکارہ قدسیہ علی نے حالیہ انٹرویو میں خواتین کی خودمختاری اور شوبز انڈسٹری سے جڑی معاشرتی سوچ پر کھل کر بات کی۔ ایک نجی نیوز چینل کے شو میں گفتگو کرتے ہوئے قدسیہ علی نے کہا کہ خودمختار خواتین کو آج بھی معاشرے میں تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے، خاص طور پر اداکاراوں کو ایک مخصوص نظر سے دیکھا جاتا ہے۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ 2025 میں بھی معاشرتی روایات میں کوئی بنیادی تبدیلی نہیں آئی۔ اداکارہ نے انکشاف کیا کہ حال ہی میں انہیں ذاتی زندگی میں بھی ایسے رویے کا سامنا کرنا پڑا۔ قدسیہ علی کے مطابق وہ کسی سے ملی تھیں اور دونوں میں دوستی قائم ہوئی مگر اس شخص نے واضح کیا کہ کسی بھی سنجیدہ رشتے کیلئے انہیں اپنا پیشہ چھوڑنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ لوگ خواتین اداکاراوں کو سراہتے ضرور ہیں مگر انہیں کبھی اپنی زندگی کا حصہ بنانے پر آمادہ نہیں ہوتے۔ واضح رہے کہ اپنی باصلاحیت اور قدرتی اداکاری کے باعث ناظرین میں پہچان رکھنے والی قدسیہ علی نے اپنے کیریئر کا آغاز ڈرامہ ”اولاد“ سے کیا تھا جس میں انہوں نے خصوصی ضروریات رکھنے والی بچی کا کردار انتہائی خوبی سے نبھایا تھا۔
اس کے بعد وہ ”کچھ ان کہی“ اور ”ایک جھوٹی کہانی“ جیسے معروف ڈراموں میں اہم کردار ادا کر چکی ہیں۔
پاکستانی مرد اداکاراوں سے شادی نہیں کرنا چاہتے: قدسیہ علی



















