امارات کا تحفظ اور استحکام پاکستانی سلامتی کا ناگزیر حصہ ہے،فیلڈ مارشل

راولپنڈی:(بیورورپورٹ)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے متحدہ عرب امارات کا تحفظ اور استحکام پاکستانی سلامتی کا ناگزیر حصہ ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سید عاصم منیر نے ابوظہبی میں نائب حکمران و مشیر قومی سلامتی متحدہ عرب امارات شیخ طحنون بن زاید النہیان سے ملاقات کی،دونوں رہنماوں نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا، اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری و سکیورٹی شعبوں پر خصوصی توجہ دی گئی۔

فیلڈ مارشل نے پاکستان کی معیشت و سکیورٹی کیلئے متحدہ عرب امارات کی جانب سے گزشتہ کئی دہائیوں سے جاری سرمایہ کاری و مسلسل تعاون پر حکومت امارات کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاتعاون دونوں برادر ممالک کے درمیان گہرے تاریخی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے، پاکستان کی اقتصادی و سماجی ترقی کے فروغ میں اماراتی قیادت کے تعمیری کردار کو سراہتے ہیں۔

سید مارشل عاصم منیر نے کہا متحدہ عرب امارات کی سکیورٹی و استحکام پاکستان کی اپنی سکیورٹی کا لازمی حصہ ، دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تاریخی تعلقات و مضبوط سٹریٹجک شراکت داری موجود ہے،پاکستان شراکت داری کو تمام شعبوں میں مزید مضبوط بنانے کیلئے مشترکہ کوششیں جاری رکھے گا تاکہ دونوں برادر عوام کے مفادات کا تحفظ ہو اور خطے میں امن، استحکام و خوشحالی کو فروغ ملے۔