فضل الرحمن نے اسلام آباد دھماکہ ایجنسیوں کی ناکامی قرار دے دیا


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)امیر جے یو آئی فضل الرحمن نے اسلام آباد دھماکے کوایجنسیوں کی ناکامی قرار دے دیا۔

اپنے بیان میں فضل الرحمن نے کہا اسلام آباد دھماکہ افسوسناک ،قابل مذمت ، انسانیت کے دشمن حملہ آور کسی رعایت کے مستحق نہیں، متاثرہ خاندانوں سے تعزیت ،زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں، خیبر پختونخوا ،بلوچستان کے بعد اب اسلام آباد میں بھی مسلسل دہشتگرد کارروائیاں ہورہی ہیں، ملک کا کوئی حصہ محفوظ نہیں، بدترین حالات میں اداروں کا اپنی کارکردگی پر فخر سوالیہ نشان ہے۔

امیر جے یوآئی نے کہا فرقہ ورانہ فسادات کرنے والے قومی و بین الاقوامی عناصر کی مجرمانہ ذہنیت کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا، سانحوں کے بعد حکمرانوں کے دوروں ،مذمتی بیانات پر انحصار کرکے قوم کو مطمئن نہیں کیا جاسکتا،ادارے سیاسی مداخلت سے فارغ ہوں تو امن وامان ،عوامی جان ومال کے تحفظ پر توجہ دیں، درجنوں انٹیلی جنس ایجنسیوں کے ہوتے اسلام آباد میں محترم دن کو خون آلود کردیا گیا۔

فضل الرحمن نے کہاحملہ ایجنسیوں کی ناکامی ہے،ریاستی ادارے کب عوام کی مایوسی کا ازالہ کریں گے، کب عوامی زخموں کا مرہم بنیں گے، کب عوام کے مستقبل ،آنے والی نسلوں کی حفاظت کا نظام بنائیں گے؟۔