لاہور ،اسلام آباد،کراچی:(نمائندہ خصوصی،بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف کے قومی بچت ،کفایت شعاری کے جامع پروگرام پر پنجاب میں وسیع عملدر آمد کا آغاز،وزیراعلیٰ مریم نواز نے عالمی بحران میں پنجاب کے عوام کےلئے تاریخی ریلیف پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے صوبے کے تمام شہروں میںچلنے والی سرکاری پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر فری کردیا۔
اورنج لائن ٹرین، میٹرو ، سپیڈو اور گرین الیکٹرو بس میں سفر کے دوران شہریوں کو ٹکٹ نہیں خریدنا پڑےگا،زراعت، خوراک ،کسان کے تحفظ کےلئے نقد رقم دی جائے گی،کاشتکاروں کو فی ایکڑ ڈیزل ،ہر رجسٹرڈ بائیک والے شہری کو 20 لٹرپٹرول پر 100 روپے سبسڈی ملے گی۔
مریم نواز نے عالمی بحران کے باوجود ایک ماہ تک پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی و نرخ برقرار رکھنے پر وزیرا عظم شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاایک ماہ میں اربوں کا ریلیف دے کر عوام کو مشکلات سے بچانے کی بھرپور ،مخلصانہ کوشش کی گئی،وزیراعظم شہباز شریف نے بدترین معاشی صورتحال میں عوام کو ریلیف دیا، مشکل حالات میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے،عوام غیر معمولی حالات میں شہری ذاتی سواری کی بجائے پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کریں۔
وزیراعلیٰ نے کہاجنگ کے نتیجے میں پوری دنیا شدید عالمی معاشی بحران کا شکار ،پاکستان درآمدی تیل پر انحصار کی وجہ سے جنگ کے اثرات سے زیادہ متاثر ،وعدہ ہے حالات کی بہتری کےساتھ ہی عوام کو معاشی بوجھ سے نجات دلائیں گے۔
ادھر وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایات پر اسلام آباد میں 30 روز کےلئے تمام پبلک ٹرانسپورٹ عوام کےلئے مفت کرنے کااعلان کرتے ہوئے کہافیصلے سے تمام شہری مستفید ہو سکیں گے ،اقدام کا مقصد بڑھتے سفری اخراجات کے پیش نظر شہریوں کو فوری و وسیع ریلیف فراہم کرنا ہے،35 کروڑ کے اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بڑھتی ایندھن کی قیمتوں کے اثرات سے معاشرے کے کمزور طبقات کو تحفظ فراہم کرنے کےلئے 55ارب کے جامع ہدفی سبسڈی پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے کہابوجھ حکومت برداشت کرے گی، ہدفی سبسڈی نظام غریب ترین طبقات پر مرکوز ہوگا،موٹرسائیکل مالکان کوماہانہ20لٹر پٹرول پر 2ہزار روپے فراہم کریں گے، محکمہ ایکسائز نے ڈیجیٹل ایپلی کیشن تیار کرلی،صارفین اپنا قومی شناختی کارڈ ،بینک تفصیلات درج کر کے رجسٹریشن کر سکیں گے۔
مرا د علی شاہ نے کہا ایک سے 25ایکڑ زمین رکھنے والے تقریبا 3لاکھ 36ہزار چھوٹے کاشتکاروں کو فی ایکڑ 1500روپے دئیے جائیں گے تاکہ گندم کی تھریشنگ کےلئے ڈیزل اخراجات میں مدد ملے،مستند ڈیٹا کی دستیابی کے باعث ادائیگیاں آئندہ ہفتے سے شروع کر دی جائیں گی،مسافر بسوں کو فی گاڑی ایک لاکھ ، 2ایکسل مال بردار ٹرکوں کو 70ہزار، ہیوی ٹرانسپورٹ گاڑیوں کو 80ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے، ٹرانسپورٹرز سے کرایوں میں اضافہ نہ کرنے کا حلف لیا جائے گا ۔
مریم نواز کاعوام کیلئے تاریخی ریلیف ،پنجاب کی سرکاری پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر مفت

















