لاہور:(کرائم رپورٹر)پی ٹی آئی رہنما وسابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے انسانی حقوق، مزدوروں کے حقوق اور گورننس اصلاحات پرخاطر خواہ پیش رفت نہ ہونے کی صورت میں پاکستان کےلئے یورپی یونین کی جی ایس پی پلس سہولت خطرے میں پڑ سکتی ہے۔
کوٹ لکھپت جیل میں قید شاہ محمود قریشی نے وکیل رانا مدثر عمر کے ذریعے اپنے بیان میں کہا یورپی یونین پاکستان کا اہم تجارتی شراکت دار ،2025 میں پاکستان نے یورپی ممالک کو 8.7ارب یورو کی برآمدات کیں، 7 ارب یورو برآمدات جی ایس پی پلس سہولت کے تحت ممکن ہوئیں،یورپی یونین پاکستان سے انسانی حقوق، مزدوروں کے حقوق اور گورننس کے شعبوں میں اصلاحات کا مطالبہ کر رہی ہے ، موجودہ جی ایس پی پلس سہولت 2027ءمیں ختم ہو جائے گی ،اگلے مرحلے میں حصول کےلئے مزید سخت شرائط پوری کرنا ہوں گی۔
شاہ محمود قریشی نے کہا حکومت فوری طور پر معاملات پر توجہ دے تاکہ پاکستان جی ایس پی پلس سہولت سے محروم ہونے کے خطرے سے بچ سکے۔
جی ایس پی پلس سہولت کو خطرہ، اصلاحات ناگزیر ہیں‘شاہ محمود قریشی


















