سزائے موت کالعدم، سانحہ بلدیہ کے 2 ملزم رحمان بھولا ،زبیر چریا بری


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)سزائے موت کالعدم، سپریم کورٹ نے سانحہ بلدیہ ٹاون کیس میں عبدالرحمان بھولا اور زبیر چریا کو بری کر دیا،ملزموں کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کیاگیا۔

عدالت عظمیٰ نے جاں بحق افراد کے لواحقین کو فریق بنانے کی درخواستیں خارج کرتے ہوئے کہا تفصیلی فیصلہ بعد میں سنایا جائےگا۔

جسٹس شہزاد ملک نے کہا چند لوگوں کو فریق بنایا تو مزید 200درخواستیں آ جائیں گی، جتنے فریقین اتنے ہی وکلا زیادہ ہوں گے اگر میں امریکہ کا صدر ہونے کا دعویٰ کروں تو ثبوت بھی دینا ہوگا ،کہوں پاکستان کا صدر ہوں تو زرداری صاحب ناراض ہوجائیں گے، تقاریر تو الطاف حسین واقعہ سے پہلے بھی کرتے تھے، زبیر چریا کے حوالے سے کسی نے نہیں کہا وہ ایم کیو ایم کا رکن تھا،بلدیہ ٹاﺅن فیکٹری میں کیمیکل استعمال ہونے کے شواہد نہیں ملے، جسٹس عقیل عباسی نے ریمارکس دئیے لوگوں کو مارنا مقصد تھا تو استغاثہ کا کیس ہی نہیں ،جسٹس ملک شہزاد نے استفسار کیا فیکٹری کا دروازہ لاک کرنے پر کونسا جرم بنتا ہے؟ جسٹس شکیل احمد نے کہا ملزموں کا مقصد بھتہ لینا ، ورکرز کو مار کر کیا ملنا تھا۔