لاہور میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے 14 بچے جاں بحق، 6 زخمی

لاہور (کرائم رپورٹر) کاہنہ کے علاقے میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے کے افسوسناک واقعہ میں 14 بچے جاں بحق ہوگئے۔ وزیر صحت پنجاب کے مطابق حادثے میں جاں بحق بچوں کی تعداد 14 ہو گئی ہے، ریسکیو حکام کے مطابق ایک خاتون ٹیچر سمیت 20 سے 25 افراد ٹیوشن سینٹر میں موجود تھے، زیادہ تر بچے کم عمر تھے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ کی اطلاع شام 4 بجکر 45 منٹ پر ملی تھی، علاقہ مکینوں کے مطابق عمارت میں صبح کے اوقات میں سکول بھی چلتا تھا جبکہ بچے اکیڈمی میں ٹیوشن کیلئے موجود تھے۔ پولیس کے مطابق ٹیوشن سینٹر کی بالائی منزل پر تعمیراتی کام جاری تھا، گراونڈ فلور پر بچے موجود تھے، واقعہ کے بعد گھر کے مالک سمیت 2 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

جاں بحق ہونے والوں میں 7 سالہ ماہ نور فاروق، 7 سالہ رمشا عاطف، 5 سالہ مرتضیٰ عاطف، 9 سالہ غلام نبی، 6 سالہ تابشہ شہزاد، 16 سالہ خدیجہ دختر وسیم، 6 سالہ سلمان ولد وسیم اور 8 سالہ فواد ولد عابد شامل ہیں۔

ٹی ایچ کیو ہسپتال کاہنہ کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے 6 بچوں کی حالت مستحکم ہے، زخمیوں میں 8 سالہ ابیہا، 10 سالہ فاریہ، 11 سالہ مرتضٰی، 8 سالہ ایان، 7 سالہ رابعہ اور 30 سالہ حمیدہ ریحان شامل ہیں۔ہسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی ہے اور ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے کے افسوسناک حادثے پر قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے حادثے میں بچوں کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ انہوں نے زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے انہیں ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے کے واقعے پر زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے واقعہ کی فوری رپورٹ طلب کرتے ہوئے حادثے کے ذمہ داران کے تعین کا حکم بھی دیا ہے۔انہوں نے صوبائی وزراءکو امدادی کارروائیوں کی نگرانی کرنے کی ہدایت کی، صوبائی حکومت کے مطابق متاثرہ افراد کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جبکہ ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا۔