ایسے گریجویٹس کی ضرورت جو ملکی مسائل حل کرکے ترقی میں حصہ ڈالیں:یوسف رضا گیلانی

پشاور ( بیورو رپورٹ) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان کو مسائل حل کرنے، ملازمتیں پیدا کرنے اور ملک کی ترقی میں حصہ ڈالنے والے گریجویٹس کی ضرورت ہے، امریکا اور ایران کے درمیان امن میں کردار ادا کرنے پر سول و عسکری قیادت مبارکباد کی مستحق ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے غلام اسحاق خان انسٹیٹیوٹ صوابی کے سالانہ کانووکیشن میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کی طرف سے غلام اسحاق خان انسٹیٹیوٹ کے سالانہ کانووکیشن میں آپ کے درمیان موجودگی میرے لیے اعزاز کی بات ہے، تمام گریجویٹ ہونے والوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، یہ کامیابی آپ کی محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے چیلنجز واضح ہیں، ہمیں انحصار کی بجائے پیداوار پر توجہ دینی ہوگی، انوویشن کی طرف جانا ہوگا اور ترقی پر توجہ مرکوز کرنی ہوگی جس میں غلام اسحاق خان انسٹیٹیوٹ جیسے اداروں کا اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیز کی پہچان فارغ التحصیل طلبا کی تعداد سے نہیں بلکہ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ریسرچ سے ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایسے گریجویٹس کی ضرورت ہے جو مسائل کو حل کریں، ملازمتوں کو پیدا کریں اور ملک کی ترقی میں حصہ ڈالیں۔ انہوں نے کہا کہ میری ہمیشہ خواہش رہی ہے کہ ملک میں اعلی تعلیم کو فروغ حاصل ہو اور یہ محترمہ شہید بینظیر بھٹو کا ویژن بھی تھا۔ مسلمانوں پر دہشتگرد ہونے کا الزام لگایا جاتا تھا تاہم اس امن عمل سے اب واضح ہوگیا ہے کہ اسلام امن کا مذہب ہے، ہم دہشتگرد نہیں بلکہ امن اور مفاہمت پر یقین رکھنے والے ہیں۔