ٹروبا(مشرق نیوز) ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز پاکستان نے محتاط اور پراعتماد بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کھیل کے اختتام تک اپنی پوزیشن بہتر بنا لی۔ ٹروبا ٹیسٹ کے دوسرے دن ویسٹ انڈیز کی جانب سے پہلی اننگز میں بنائے گئے 311 رنز کے جواب میں پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنا لئے ہیں جبکہ شان مسعود 88 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ ان کے ساتھ سلمان علی آغا بغیر کوئی رن بنائے ناٹ آوٹ ہیں۔
پاکستان کی جانب سے اوپنر امام الحق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 63 رنز کی اننگز کھیلی تاہم وہ نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ کپتان بابر اعظم بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 23 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ اذان اویس اپنے ٹیسٹ ڈیبیو میں متاثر نہ کر سکے اور بغیر کوئی رن بنائے آوٹ ہوگئے۔
اس سے قبل میزبان ٹیم نے دوسرے دن اپنی نامکمل اننگز 3 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز سے دوبارہ شروع کی تاہم پاکستانی بولرز نے نپی تلی بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 117 رنز کے اضافے پر باقی تمام وکٹیں حاصل کر لیں۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے شے ہوپ 92 اور کیوم ہوج 84 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ شمار جوزف 23، تیجنارائن چندرپال اور عامر جینگو 21، 21، جسٹن گریوز 15، برینڈن کنگ 12 اور روسٹن چیز 10 رنز بنا سکے۔ پاکستان کی جانب سے محمد علی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 50 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں۔ محمد عباس نے 3، خرم شہزاد نے 2 جبکہ عامر جمال نے 1 وکٹ اپنے نام کی۔
ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے افتتاحی روز مضبوط آغاز کرتے ہوئے 3 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنائے تھے۔
پہلے ٹیسٹ کا دوسرا دن، ویسٹ انڈیز کے 311 رنز کے جواب میں پاکستان نے 199 رنز بنا لئے



















