ڈیلاس (مشرق نیوز) فیفا ورلڈکپ 2026 کے پہلے سیمی فائنل میں اسپین نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرانس کو 0-2 سے شکست دیکر فائنل میں جگہ بنا لی۔ ڈیلاس میں کھیلے گئے سنسنی خیز مقابلے میں اسپین کی ٹیم ابتدا ہی سے فرانس پر حاوی دکھائی دی اور اپنی مضبوط حکمت عملی کے باعث کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔
سپین کی جانب سے پہلا گول 24ویں منٹ میں اویرزابال نے پینلٹی پر سکور کیا جس کے بعد پیڈرو پورو نے 58 ویں منٹ میں گیند کو جال میں پہنچا کر اپنی ٹیم کی برتری مزید مستحکم کردی۔
فتح کے ساتھ ہی سپین نے 16 سال بعد ورلڈکپ فائنل میں واپسی کرلی۔ سپین نے آخری بار 2010 میں فائنل کھیلا تھا جہاں وہ عالمی چیمپئن بننے میں کامیاب ہوا تھا، یہ سپین کا ورلڈکپ تاریخ میں دوسرا فائنل ہوگا۔
دوسری جانب فرانس کی ٹیم مسلسل تیسری بار ورلڈکپ فائنل کھیلنے کا خواب پورا نہ کرسکی اور سیمی فائنل میں ہی اس کا سفر اختتام پذیر ہوگیا۔
ورلڈکپ 2026 کا دوسرا سیمی فائنل ارجنٹائن اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا جس کے فاتح کا مقابلہ فائنل میں سپین سے ہوگا۔
فٹ بال ورلڈکپ، سیمی فائنل میں فرانس کو شکست، سپین کی فائنل میں پیشقدمی



















