پنجاب بھر میں300سے زائد نگہبان دسترخوان سج گئے،لاکھوں روزہ داروں کی افطاری


لاہور:( اپنے رپورٹر سے)وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب بھر میں مخیر حضرات کے اشتراک سے نگہبان دسترخوان سج گئے،لاکھوں مہمانوں نے سجے سجائے نگہبان دسترخوان پر روزہ افطار کیا،مختلف دسترخوان پر قورمہ، بریانی،روح افزا، پکوڑوں،سموسہ و دیگر لوازمات سے تواضع کیا گیا،نگہبان دسترخوان پر خوشی کا سماں،اخوت کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔

مریم نواز نے نگہبان دسترخوان پر لاکھوں لوگوں کی آمد پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا رمضان احساس کا دوسرا نام ، ہر فرد کی ضرورت کا خیال رکھنا فرض ہے،مخیر حضرات کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں،رمضان نگہبان دسترخوان آنے والے ہر روزہ دار کا بھرپور خیرمقدم کیا جائے۔

دریں اثنا وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازنے مادری زبان کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا زبان نہ صرف جذبات کے اظہار و خیال کا ذریعہ بلکہ اقوام کی شناخت بھی زبان سے ہی ہوتی ہے، ڈیجیٹل دنیا میںمادری زبان کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا ، مادری زبان کسی بھی قوم کی پہچان، ثقافت ،ورثے کی سب سے قیمتی علامت ،مادری زبان میں دی جانے والی تعلیم بچوں کی ذہنی نشو و نما پر مثبت اثرات مرتب کرتی ، قومی شناخت ، بیش قیمت تہذیبی و ثقافتی میراث کے طور پر مادری زبانوں کی حیثیت مسلمہ ہے۔

مریم نواز نے کہا مادری زبان کا تحفظ دراصل ثقافتی خودمختاری ،فکری آزادی کی ضمانت ہے،مادری زبانوں کے تحفظ کیلئے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف لینگویج آرٹ اینڈ کلچر کو مزید فعال کردیا،مادری زبان کی حفاظت ، فروغ کےلئے ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ مریم نواز نے بنوں میں بڑا حملہ ناکام بنانے اور 5 خارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت و بہادری کو سراہا،وطن عزیز پر جان قربان کرنے والے لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز اور سپاہی کرامت شاہ کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔