اسلام آباد (مشرق نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان آئین میں درج انصاف، مساوات اور انسانی وقار کے اصولوں کے فروغ کیلئے پرعزم ہے اور ریاست کمزور طبقات کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔
ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے عالمی یومِ سماجی انصاف کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ عالمی یومِ سماجی انصاف کے موقع پر ہم آئینِ پاکستان میں درج انصاف، مساوات اور انسانی وقار کے اصولوں سے متعلق اپنے عزم کی تجدید کرتے ہیں۔ آئین کے آرٹیکل 3، 37 اور 38 ریاست کو پابند کرتے ہیں کہ استحصال کا خاتمہ کرے، برابری کو یقینی بنائے اور بالخصوص کمزور طبقات، تمام شہریوں کی فلاح و بہبود کو فروغ دے۔ حکومت پاکستان سماجی اور معاشی بہبود کے فروغ کیلئے پرعزم ہے اور بلا امتیاز خوراک، رہائش، لباس، تعلیم اور طبی امداد جیسی بنیادی ضروریات تک رسائی یقینی بنانے کیلئے کوشاں ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ مالیاتی دباو کے باوجود بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا بجٹ جو قیام کے وقت 34 ارب روپے تھا، بڑھ کر موجودہ مالی سال میں 716 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے جس سے ملک بھر میں ایک کروڑ گھرانوں کی معاونت ہو رہی ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان بیت المال، پاکستان پاورٹی الیوی ایشن فنڈ، ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن اور وزیراعظم یوتھ پروگرام کے ذریعے بھی اضافی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔ یہ اقدامات صحت، تعلیم، رہائش، خوراک، بلاسود قرضوں اور دیگر بنیادی خدمات تک مفت رسائی فراہم کرتے ہیں جبکہ بزرگوں، خصوصی افراد، خواتین، نوجوانوں، اقلیتوں اور خواجہ سرا افراد پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔
پاکستان کا آئین سماجی انصاف کی ضمانت دیتا ہے، صدر آصف علی زرداری



















