فیلڈ مارشل کا دورہ ترکیہ، دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے پراتفاق


راولپنڈی:(بیورورپورٹ)فیلڈ مارشل کا دورہ ترکیہ، صدر اردوان ودیگر سے ملاقاتیں،دونوں ممالک نے دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کرلیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کا مقصد دونوں برادر ممالک کے درمیان تاریخی، سٹریٹجک اور دفاعی تعلقات کو مزید فروغ دینا ہے،فیلڈ مارشل کاترکیہ پہنچنے پر پرتپاک استقبال دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے۔

سید عاصم منیر نے ترکیہ کی سیاسی و عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں، ترک صدر رجب طیب اردوان ،وزیر دفاع یاشار گولر سے بھی ملاقات کی، باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی ،بدلتی جغرافیائی و سیاسی صورتحال میں دونوں ممالک کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

فیلڈ مارشل کو ترک جنرل سٹاف ہیڈکوارٹرز آمد پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جنرل سلجوق بایراکتار اوغلو سے ملاقات میں علاقائی سلامتی کی صورتحال ،پیشہ ورانہ عسکری تعاون کے امور پر گفتگو ہوئی،جنرل سلجوق بایراکتار اوغلو نے پاکستان ،ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون کے فروغ میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ترکش آرمڈ فورسز میڈل سے نوازا

سید عاصم منیر ترک بری فوج کے ہیڈکوارٹرز بھی گئے،جنرل میتن توکل نے استقبال کیا، انقرہ میں جدید ترکیہ کے بانی مصطفی کمال اتاترک کے مزار پر حاضری دی ، پھولوں کی چادر چڑھائی ،خراج عقیدت پیش کیا، آئی ایس پی آر نے کہا دورہ کثیرالجہتی دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے، عسکری تعاون کو وسعت دینے اور خطے میں امن و استحکام کےلئے مشترکہ کوششوں کے عزم کا مظہر ہے۔