اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیراعظم شہبازشریف سے ایرانی وزیر کی ملاقات،دوطرفہ تجارت 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا،ملاقات میں پاکستان ،ایران کے درمیان دوطرفہ تعاون، تجارت و علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
شہبازشریف نے کہا پاکستان ایران کےساتھ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ، خطے میں امن کےلئے مخلصانہ کوششیں جاری رکھں گے، امید ہے مسلسل کوششوں سے 10 ارب ڈالر کی دوطرفہ تجارت کا ہدف حاصل کیا جائےگا، تجارت، بالخصوص خوراک و زرعی اجناس و مصنوعات کی تجارت کے فروغ سے دونوں ممالک مستفید ہوں گے،ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزیشکیان سے حال ہی میں اچھی گفتگو ہوئی،ملاقات میں بارڈر 24کھلا رکھنے کیلئے سہولیات بڑھانے، بہتر لاجسٹکس اور کسٹمز طریقہ کار میں ہم آہنگی لانے ، کان کنی، خصوصاً قیمتی پتھروں کی پراسیسنگ اور ویلیو ایڈیشن میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا،وزیراعظم نے مجتبیٰ خامنہ ای ،صدر مسعود پزشکیان کیلئے نیک تمناوں کا پیغام دیا۔
ایرانی وزیر سید اتابک نے کہا پرتپاک استقبال و شاندار میزبانی پر پاکستان کے شکر گزار ہیں، خطے میں امن کیلئے پاکستان کی مخلصانہ سفارتی کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ایران اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔
دریں اثنا جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا)کے صدر ڈاکٹر تاناکا آکی ہیکو کی سربراہی میں 9رکنی وفد سے گفتگوکرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا پاکستان جاپان ،جائیکا کےساتھ 7دہائیوں پر محیط دیرینہ شراکت داری کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،مشکل معاشی چیلنجز پر قابو پالیا اب پائیدار معاشی ترقی کےلئے اصلاحات کا عمل تیزی سے جاری ہے، صرف 3 برس میں سرکاری محصولات دوگنا ہوگئے۔
شہبازشریف نے کہا جائیکا کے صدر کا دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط کرےگا،نوجوانوں کو ہنر، تکنیکی تربیت ، باعزت روزگار کے مواقع فراہم اور خواتین کو بااختیار بنانا،معدنیات کے شعبے کی ترقی ترجیحات میں شامل ہے ،جائیکا کے تکنیکی تعاون کا خیرمقدم کریں گے۔
ڈاکٹر تاناکا آکی ہیکو نے پاکستان میں شاندار مہمان نوازی پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہاجائیکا ،پاکستان کی شراکت داری و تعاون کی طویل تاریخ، جائیکا صحت، تعلیم، شہری و دیہی ترقی، فنی و تکنیکی تربیت اور صنعتی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان سے تعاون کو مزید وسعت دینے کےلئے تیار ہے،وفاقی و صوبائی حکومتوں کی ترقیاتی ترجیحات کے مطابق تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
دریں اثنا اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی نجکاری مراحل میں بہترین پیشہ ورانہ استعداد کے حامل کنسلٹنٹ کی تجاویز یقینی بنایا ،بجلی ترسیلی کمپنیز کی نجکاری میں عالمی معیار کے سرمایہ کاروں کی شمولیت یقینی بنانے کےلئے موثر و جامع حکمت عملی اختیار کی جائے،نجکاری کے عمل میں سرمایہ کاروں کی شمولیت کےلئے اندرون و بیرون ملک کیے جانے والے کامیاب روڈ شوز باعث اطمینان ہیں،ڈسکوز کی نجکاری کے تمام مراحل مقررہ مدت میں طے شدہ قواعد و بہترین حکمت عملی کے مطابق منافع بخش انداز میں مکمل کیے جائیں۔
ایرانی ،جائیکا وفود کی ملاقاتیں،پاکستان امن کےلئے کوششیں جاری رکھے گا،وزیراعظم

















