اسلام آباد: (بیورورپورٹ)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پرروح و متن کے مطابق عملدرآمد ہونا چاہیے،اسحاق ڈار سے امریکی ناظم الامور نٹالی اے بیکر نے ملاقات کی،دوطرفہ تعاون ،خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نائب وزیراعظم نے پاک امریکہ تعلقات میں مثبت پیشرفت کو سراہتے ہوئے پائیدار امن کےلئے مذاکرات و سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیتے ہو ئے کہااسلام آباد مفاہمت نامے پر من وعن اور روح کے مطابق عملدرآمد ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے ،علاقائی امن و سلامتی کےلئے کردار ادا کرنے کےساتھ پاکستان اپنے قومی مفادات کا بھی بھرپور تحفظ کرے گا۔
امریکی ناظم الامور نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا اور نائب وزیراعظم کو یومِ آزادی کی مبارکباد دی۔
دریں اثنا اسحاق ڈار سے چینی سفیر جیانگ زی ڈونگ نے ملاقات کی،نائب وزیر اعظم نے گلگت بلتستان میں براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے کے نتیجے میں چینی کوہ پیما کی المناک موت پر تعزیت کا اظہار کیا اور میت کی وطن واپسی کےلئے مکمل سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی، چینی سفیر جیانگ زی ڈونگ نے فوری معاونت اور تعاون کو سراہا،یوم آزادی کی مبارکباد دی۔
علاوہ ازیں مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ،یوم آزادی کی مبارکباد دی،وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پرروح و متن کے مطابق عملدرآمد ہونا چاہیے، اسحاق ڈار

















