دہشتگردی کے خاتمے کیلئے سکیورٹی فورسز کےساتھ ہیں،ایم کیو ایم،ق لیگ،بی اے پی

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیر داخلہ محسن نقوی سے ق لیگ، متحدہ قومی موومنٹ اور بلوچستان عوامی پارٹی کے وفاقی وزرا نے ملاقات کی،ملک کی سیاسی وداخلی سلامتی کی صورتحال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

محسن نقوی نے تینوں جماعتوں کے رہنماوں کو خیبرپختونخوا، بلوچستان کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے قیام امن کےلئے کیے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی،چودھری سالک ، خالد مقبول صدیقی اور خالد مگسی نے قیام امن کےلئے فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی مخلصانہ کاوشوں کو سراہا۔

تینوں رہنماوں نے دوٹوک اعلان کیا دہشتگردی کے خاتمے کےلئے سکیورٹی فورسز کےساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے،شہدا کے خاندانوں کےساتھ ہیں اور ہمیشہ ساتھ رہیں گے۔

دریں اثنا وزیر داخلہ محسن نقوی سے گلگت بلتستان کے نگران وزیراعلیٰ نے ملاقات کی ،الیکشن کے دوران سکیورٹی، امن و امان ،سیاحت کے فروغ پرتبادلہ خیال کیا گیا،نگران وزیر اعلیٰ نے کہا گلگت بلتستان میں سی ٹی ڈی کو جلد آپریشنل کیا جائےگا ،وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا پوری معاونت کریں گے،گلگت بلتستان کی تمام ضروریات پوری کی جائیں گی،محفوظ ،پرامن ماحول خطے میں سیاحت کے فروغ کی بنیادی ضرورت ہے۔