اسلام آباد (بیورو رپورٹ )پاکستان میں تعینات ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے وفد کے ہمراہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن سے ان کے اسلام آباد دفتر میں ملاقات کی، جس میں پاک ایران تعلقات، خطے کی صورتحال، عالم اسلام کو درپیش چیلنجز، غزہ و فلسطین اور امت مسلمہ کے اتحاد کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران حافظ نعیم الرحمن نے ایرانی حکومت اور عوام کی جدوجہد اور استقامت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے کردار اور مزاحمت کے نتیجے میں امریکہ اور اسرائیل کو پسپائی اختیار کرنا پڑی، جبکہ امریکہ ایران کے ساتھ معاہدے پر مجبور ہوا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پیش رفت صرف ایران کے لیے نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کے لیے حوصلے کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جارحیت اور فلسطینی عوام پر مظالم خطے میں عدم استحکام کی بنیادی وجہ ہیں، اس لیے غزہ اور لبنان میں مکمل جنگ بندی ہونی چاہیے اور فلسطینیوں کو اپنی آزاد ریاست کے قیام کا حق دیا جانا چاہیے۔ ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے مشکل وقت میں پاکستان کی حکومت، عوام اور جماعت اسلامی کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے امت مسلمہ کے اتحاد اور باہمی تعاون کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔ ملاقات میں ایران اور امریکہ کے درمیان حالیہ کشیدگی کے خاتمہ کیلئے پاکستان کا کردار مثالی رہا ہے۔ ملاقات میں جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے امیر عبدالواسع اور امیر جماعت اسلامی پاکستان کے معاون خصوصی عطاء الرحمن بھی موجود تھے۔
اتحاد امت وقت کی ضرورت، حافظ نعیم ، حمایت پر پاکستانی عوام کے شکر گزار، ایرانی سفیر



















