ملک کے اندر بھی قومی مکالمے کا آغاز کیاجائے،اسیر قیادت پی ٹی آئی


لاہور:( خبر نگار)نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کے وفد کی کوٹ لکھپت جیل میں پی ٹی آئی کے اسیر رہنماﺅں سے ملاقات،ملک کو درپیش سیاسی و معاشی بحران پرتبادلہ خیال کیا گیا،وفد میں فواد چودھری ،محمود مولوی، عمران اسماعیل شامل تھے۔

فواد چودھری کے مطابق اسیر رہنماﺅں نے نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کی جانب سے تجویز کردہ حل کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا موجودہ حالات میں آگے بڑھنے کا راستہ مذاکرات ، دہشتگردی کے عفریت کا موثر مقابلہ کرنے کےلئے قومی اتحاد ناگزیر ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بین الاقوامی سفارتکاری کے ذریعے اہم مسائل کے حل میں کردار ادا کیا،ملک کے اندر سیاسی استحکام کےلئے بھی قومی مکالمے کا آغاز ضروری ہے۔

اسیر رہنماﺅں نے پارٹی کو مشورہ دیامعاملات کے حل اور آگے بڑھنے کی کوششوں کا ساتھ دیاجائے تاکہ سیاسی ماحول میں کشیدگی کم ہو اور سیاسی قیدیوں کی رہائی کی راہ ہموار ہوسکے۔

دریں اثناگرفتارپی ٹی آئی رہنماﺅں نے چیف جسٹس کو خط ارسال کرتے ہوئے کہا 9مئی مقدمات میں منصفانہ ٹرائل و آئینی تقاضے پورے نہیں ہورہے،سزا کےخلاف کوئی آزاد شواہد نہیں، پولیس اہلکاروں کے بیانات پر سزائیں سنائی گئیں، سیاسی قیدیوں کی اپیلوں پر فوری سماعت یقینی بنائی جائے۔