رمضان کیلئے سود مند پیکیج مرتب کیا جائے : وزیراعظم

اسلام آباد: ( ) وزیراعظم شہباز شریف نے رمضان کے لیے سود مند پیکیج اور سفارشات مرتب کرنے کی ہدایت کر دی۔

وفاقی حکومت کے مجوزہ رمضان اور پچھلے سال رمضان پیکج کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن پر جائزہ اجلاس ہوا ، تمام متعلقہ اداروں ، وزارتوں کی پچھلے سال رمضان پیکج کی شفافیت پر مستند آڈٹ ادارے کی طرف سے رپورٹ پر ستائش کی گئی۔

وزیراعظم نے کہا پچھلے سال سے حکومت نے غریب عوام کو رمضان پیکج کی بدولت ارزاں نرخوں پر اشیائے خورو نوش کی فراہمی کے لیے شفاف نظام ترتیب دیا ، ملک میں کئی دہائیوں سے جاری یوٹیلٹی سٹورز کے ذریعے مالی بے ضابطگیوں، بدنظمی اور غریبوں کے استحصال کا رائج نظام حکومت نے شفاف نظام میں تبدیل کر دیا۔

شہباز شریف نے خصوصی ہدایت کی تمام متعلقہ ادارے آنے والے رمضان کے لیے پچھلے سال سے بھی زیادہ موثر و سود مند پیکج اور سفارشات مرتب کریں، یوٹیلٹی سٹورز میں بدعنوانی کی وجہ سے مستحق افراد اپنے حق سے محروم تھے، غریبوں ، سفید پوش عوام کی مالی معاونت و سماجی آسودگی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔

وزیراعظم نے کہا غریب عوام میں رمضان پیکج کے امدادی رقوم کی فراہمی ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے ہی کی جائے تاکہ عوام کی عزت و تکریم مجروح نہ ہو، عوام کو امدادی رقوم کی ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے فراہمی کیش لیس معیشت کے حصول کے لیے بھی سنگ میل ثابت ہوگی۔