پاکستان 4سال بعد عالمی بانڈ مارکیٹ میں واپسی کیلئے تیار ہے، وزیر خزانہ


اسلام آباد،ڈیوس :(بیوررپورٹ،مشرق نیوز)وزیرخزانہ و محصولات سینیٹر اورنگزیب نے واضح کیا ہے پاکستان 4سال بعد عالمی بانڈ مارکیٹ میں واپسی کیلئے تیارہے، اصلاحات کے راستے پر قائم رہنا ہوگا ،حکومت آئندہ چند ہفتوں میں مالی مشیروں کے انتخاب کےلئے تجویز جاری کرے گی، حکومت نیویارک کے روزویلٹ ہوٹل میں اپنا حصہ فروخت ، بڑے ہوائی اڈوں کے انتظامات آﺅٹ سورس اور تقریباً دو درجن دیگر سرکاری اداروں کی نجکاری پر غور کر رہی ہے۔

بلوم برگ کوانٹرویو دیتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا حکومت آئندہ چند ہفتوں میں مالی مشیروں کے انتخاب کےلئے تجویز جاری کرے گی، حکومت جائزہ لے رہی ہے ڈالر، یورو یا اسلامی سکوک بانڈ جاری کیا جائے، ساتھ ساتھ پاکستان جلد ہی اپنی تاریخ کا پہلا پانڈا بانڈ بھی متعارف کرانے کی تیاری کر رہا ہے، پاکستان نے معاشی استحکام کے میدان میں اہم کامیابیاں حاصل کیں، مہنگائی، شرح سود، مالی خسارہ اور کرنٹ اکاﺅنٹ سمیت تمام بڑے معاشی اشارئیے بہتر سمت میں جا رہے ہیں۔

سینیٹر اورنگزیب نے کہا زرمبادلہ کے ذخائر جون تک 3 ماہ کی درآمدات کے برابر ہو جانے کی توقع ہے، جو عالمی معیار سمجھا جاتا ہے،روپے پر فوری دباﺅ نہیں کیونکہ ادائیگیوں کا توازن بہتر ہوا ہے، ترسیلات زر میں اضافہ ہوا، خدمات کی برآمدات بڑھ رہی ہیں، روپیہ گزشتہ تقریباً ڈیڑھ سال سے مستحکم ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا معاشی استحکام کےساتھ ساتھ طویل عرصے سے التواکا شکار اصلاحات بھی کی جا رہی ہیں جن میں سرکاری اداروں کی نجکاری اور ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنا شامل ہے،قومی ائیرلائن کو گزشتہ ماہ فروخت کر دیا گیا اب حکومت نیویارک کے روزویلٹ ہوٹل میں اپنا حصہ فروخت کرنے، بڑے ہوائی اڈوں کے انتظامات آﺅٹ سورس کرنے اور تقریباً دو درجن دیگر سرکاری اداروں کی نجکاری پر غور کر رہی ہے، وفاقی وزیر نے واضح کیا حکومت کی ترجیح برآمدات پر مبنی ترقی ہے تاکہ درآمدات پر انحصار کی وجہ سے بار بار پیدا ہونے والے ادائیگیوں کے بحران سے بچا جا سکے،اصلاحات کے راستے پر قائم رہنا ہوگا کیونکہ یہی پائیدار ترقی کا واحد حل ہے۔