پاکستان، سعودی عرب کا توانائی، معدنیات میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) پاکستان اور سعودی عرب نے توانائی، معدنیات میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کرلیا،وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک سے پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، علی پرویز ملک نے سعودی سفیر کو فیوچر منرلز فورم کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی،علی پرویز ملک نے کہا ریاض میں منعقدہ فیوچر منرلز فورم نے پاکستان اور سعودیہ کے توانائی تعاون کےلئے اہم پلیٹ فارم فراہم کیا،پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کے تبادلے اور مشترکہ منصوبوں کی صورت میں عملی نتائج میں تبدیل ہوں گے،سعودی سفیر نے کہا فیوچر منرلز فورم میں پاکستان کی فعال شرکت کو سراہتے ہیں، معدنیات کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان مسلسل روابط اہم ہیں۔