عمران کا جیل میں طبی معائنہ،،دعوت کے باوجود پی ٹی آئی کا کوئی نمائندہ نہ پہنچا


راولپنڈی،اسلام آباد:(بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم عمران خان کا جیل میں طبی معائنہ،موبائل میڈیکل لیب کے ذریعے مختلف ٹیسٹ ،حکومتی دعوت کے باوجود پی ٹی آئی کاکوئی نمائندہ نہ پہنچا، خصوصی ٹیم ڈیڑھ گھنٹہ انتظار کرتی رہی۔

سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ ساجد بیگ نے کہا مختلف ہسپتالوں کے ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم جیل پہنچی ،ڈاکٹر رفاق، سکندر، عارف و میڈیکل ٹیکنیشن بھی شامل تھے،ڈاکٹروں کی ٹیم مختلف طبی آلات و ادویات ساتھ لےکر آئی ،2رکنی میڈیکل بورڈ کی نگرانی میں تقریباً ایک گھنٹے تک عمران خان کا طبی معائنہ کیاگیا،سکیورٹی انتظامات انتہائی سخت رہے ، طبی ٹیم کی رپورٹ جلد مرتب کیے جانے کا امکان ہے۔

حکومتی پیشکش کے باوجود پی ٹی آئی کا کوئی رہنما اڈیالہ جیل نہ پہنچا ، ڈاکٹروں کی ماہر ٹیم ڈیڑھ گھنٹہ تک انتظار کرتی رہی،ڈاکٹر مفصل رپورٹ مکمل کرکے حکومت کے حوالے کریں گے۔

دریں اثنا عمران خان کے جیل میں علاج ، صحت کی ابتدائی رپورٹ ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کوبھیج دی گئی ،بلڈپریشر، شوگرلیول ، ،نبض، ٹمپریچر،کولیسٹرول کا مکمل چارٹ،آنکھوں،کنسلٹنسی رپورٹس و میڈیکل سٹاف کی تفصیلات شامل ہیں،بانی پی ٹی آئی کوکب کس ڈاکٹر نے چیک کیاکی تمام تفصیلات بھی رپورٹ میں درج ہیں،جیل ذرائع کے مطابق آن ڈیوٹی ڈاکٹرز روزانہ 3 مرتبہ عمران خان کا طبی معائنہ کرتے ہیں ،ریکارڈ باقاعدگی سے مرتب کیا جاتا ہے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی نے کہا فیملی و ذاتی معالجین کے بغیر طبی معائنہ مسترد کرتے ہیں، معائنے کے وقت جیل آنے کا کہنا بنیادی مسئلے سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے، حساس طبی معاملات میں فیصلہ کرنے کا حق بانی کی فیملی کا بنتا ہے، معاملہ پارٹی قیادت کی موجودگی یاعدم موجودگی کانہیں تھا۔

ترجمان پی ٹی آئی نے کہا فیملی اس وقت تک فیصلہ نہیں کرسکتی جب تک ذاتی معالجین موجودنہ ہوں، پارٹی قیادت کو مدعو کرنے کا کوئی جواز نہیں، ذاتی معالجین کو بانی پی ٹی آئی تک رسائی ،فیملی سے فوری ملاقات کرائی جائے۔