تہران (مشرق نیوز) ایران نے لبنان کے دارالحکومت بیروت پر حملوں کے جواب میں اسرائیل پر میزائل داغ دیے جس پر جوابی کارروائی کرتے ہوئے صیہونی ریاست نے بھی ایران پر بمباری شروع کر دی، ایرانی ماہ شہر میں پٹروکیمیکل کمپلیکس پر بھی حملہ کر دیا۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی جانب سے اسرائیل پر میزائل فائر کئے گئے ہیں اور فضائی دفاع نظام میزائل حملوں کو ناکام بنا رہا ہے، میزائل لانچ کا پتہ چلنے کے بعد حیفا اور شمالی اسرائیل کے دیگر علاقوں میں سائرن بجا دیے گئے، آئندہ چند گھنٹوں میں ممکنہ حملوں کے پیش نظر اسرائیل ہائی الرٹ پر ہے۔
ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران ایران کے جنوب مغربی صوبے خوزستان میں واقع ماہشہر شہر کے ایک اہم پیٹروکیمیکل کمپلیکس کو اسرائیلی حملے کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ ایرانی خبر رساں ادارے فارس کے مطابق خوزستان کے ایک سیکیورٹی عہدیدار نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی افواج نے ماہشہر میں واقع کارون پیٹروکیمیکل کمپنی پر حملہ کیا۔
دوسری طرف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی جانب سے اسرائیل پر جوابی حملے کے بعد ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کو مشورہ دوں گا، آپ نے اپنے میزائل داغ دئیے ہیں، بس اتنا کافی ہے، ایران میز پر واپس آئے اور معاہدہ کرے، امریکی فوج الرٹ ہے۔ صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ اسرائیل کی جانب سے بیروت پر آج کے حملے پر خوش نہیں ہوں، میں ابھی نیتن یاہو کو فون کرنے جا رہا ہوں، اسرائیلی وزیراعظم سے کہوں گا کہ جوابی حملہ نہ کرے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اپیل کے باوجود اسرائیل نے ایران پر جوابی حملہ کر دیا، اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ مغربی اور وسطی ایران میں فوجی اہداف کو نشانہ بنایا ہے، اور یہ کارروائی ایران کے حملوں کے جواب میں کی گئی ہے۔
عینی شاہدین کی جانب سے اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ اسرائیل کے علاقے طبریہ کے قریب ایک ایرانی میزائل اپنے نشانے پر لگا ہے تاہم اسرائیلی نشریاتی ادارے چینل 12 نے اسرائیلی حکام کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ فضائیہ نے اب تک داغے گئے تمام میزائلوں کو کامیابی سے روک لیا ہے۔ اسرائیلی فوجی ذرائع کی جانب سے میڈیا کو دی گئی معلومات بھی اسی موقف کی عکاسی کرتی ہیں کہ بیشتر یا تمام میزائل راستے میں ہی تباہ کر دیے گئے۔ اسرائیلی ہوم فرنٹ کمانڈ نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ حفاظتی ہدایات پر عمل جاری رکھیں اور الرٹ رہیں، کیونکہ صورتحال اب بھی بدل سکتی ہے۔
لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے لبنان کی سرحد اور شمالی اسرائیل کے قریب واقع اسرائیلی فوجی پوزیشنوں اور فوجیوں کے اجتماع پر ڈرونز اور میزائلوں کے ذریعے متعدد حملے کیے ہیں۔ ایران کی جانب سے اسرائیل پر جوابی حملے کے بعد ایران کے مغربی حصے کی فضائی حدود غیر معینہ مدت تک بند کر دی گئی ہے۔
اسرائیل کی مختلف ایرانی شہروں میں بمباری، تہران کے جوابی وار

















