”را“گروہ پکڑا گیا،کالعدم ایکشن کمیٹی کے 4 افراد کی گرفتاری پر ایک کروڑ انعام


مظفر آباد:(مشرق نیوز)مظفر آباد میں ”را“ سے منسلک گروہ پکڑا گیا،سکیورٹی اداروں نے 5افراد کو گرفتار کرلیا ۔

ذرائع کے مطابق چہلہ کے علاقے میں خفیہ اطلاع پر کیے گئے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران گرفتار ہونےوالے افراد کے قبضے سے اسلحہ کابڑاذخیرہ ، لیپ ٹاپ، موبائل فونز ،مواصلاتی آلات ،دشمن خفیہ ایجنسی کےساتھ مشکوک روابط اور حساس نوعیت کا موادبرآمدکرلیا گیا۔

ذرائع کے مطابق بروقت کارروائی کے نتیجے میں حساس تنصیبات و عوامی سلامتی کو ممکنہ خطرات سے محفوظ بنایا گیا، حکام نے کہا قومی سلامتی، امن عامہ اور قومی مفادات کےخلاف کسی بھی سرگرمی کو برداشت نہیں کیا جائے گا ،ریاست مخالف عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی جاری رہے گی۔

دوسری جانب آزاد جموں و کشمیر حکومت نے کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی (JAAC) سے تعلق رکھنے والے 4 مطلوب افراد کی گرفتاری میں مدد فراہم کرنے والے شخص کےلئے ایک کروڑ انعام مقرر کر دیا۔

انعامی فہرست میں شوکت نواز میر، عمر نذیر کشمیری، خواجہ مہران ارشد ،سردار امان خان شامل ہیں،مطلوب افراد کی گرفتاری میں مو¿ثر معلومات فراہم کرنے والے شخص کو ایک کروڑ رانعام ،شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی،محکمہ داخلہ نے انعامی سکیم پر فوری عملدرآمد کےلئے انسپکٹر جنرل پولیس آزاد کشمیر کو ضروری اقدامات کی ہدایت جاری کر دی ۔

علاو ہ ازیںمحکمہ داخلہ حکومت آزاد کشمیر نے شوکت نواز میر ،خواجہ مہران ارشد کیخلاف بغاوت ،ریاست مخالف سرگرمیوں کے الزامات کے تحت باضابطہ قانونی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے جرم آمیز تقاریر، تحریروں، اشاعتوں اور الیکٹرانک مواصلات کی تحقیقات کا حکم دیدیا۔

محکمہ داخلہ کے مطابق دستیاب مواد کے جائزے کے بعد قرار دئیے گئے الزامات قانون کے مطابق مزید تحقیقات کے متقاضی ہیں،ضابطہ فوجداری کی دفعہ 196 کے تحت متعلقہ ضلعی پولیس سربراہوں کو تحقیقات مکمل کرکے چالان متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کردی ، 6 جون کو لیک آڈیو کے بعد راولاکوٹ میں پرتشدد واقعات کے درمیان مماثلت نے تحقیقات کو مزید تقویت دی۔