کسانوں کا ملکی معیشت میں اہم کردار ہے: کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا ہے کہ کسان ملکی معیشت میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں اور زرعی ترقی حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ زرعی شعبے کی ترقی اور غذائی خود کفالت کیلئے کسانوں کی بھرپور سرپرستی جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ساہیوال میں پیداواری مقابلہ گندم 2025-26 کے کامیاب کاشتکاروں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ممبران صوبائی اسمبلی ملک قاسم ندیم، ملک محمد ارشد نے خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے ضلع ساہیوال کے کاشتکاروں میں انعامی چیک تقسیم کیے جنہوں نے پیداواری مقابلہ گندم 2025-26ءمیں نمایاں کامیابی حاصل کی اور فی ایکڑ گندم کی پیداوار بڑھانے میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ پہلا انعام دس لاکھ، دوسرا انعام آ ٹھ لاکھ جبکہ تیسرا انعام پانچ لاکھ روپے تھا۔ اس موقع پر کمشنر ساہیوال ڈویژن نے کامیاب کاشتکاروں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ زرعی شعبے کی ترقی اور غذائی تحفظ کے حصول میں کاشتکاروں کا کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے جدید زرعی ٹیکنالوجی، متوازن کھادوں کے استعمال اور محکمہ زراعت کی سفارشات پر عملدرآمد کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ممبر پنجاب اسمبلی ملک قاسم ندیم نے کہا کہ کسانوں کی حوصلہ افزائی سے زرعی پیداوار اور قومی معیشت کو مزید استحکام ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے زراعت کی بہتری کیلئے متعدد پروگرام جاری ہیں جن میں کسان کارڈ، گرین ٹریکٹر سکیم، ٹیوب ویلز کی سولرائزیشن شامل ہے۔ ایم پی اے ملک محمد ارشد نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں حکومت پنجاب جدید زرعی ٹیکنالوجی کے فروغ اور کسانوں کی فلاح و بہبود کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ تقریب میں محکمہ زراعت کے افسران، متعلقہ اداروں کے نمائندگان اور کاشتکاروں نے شرکت کی۔ کامیاب کاشتکاروں کی کاوشوں کو سراہا گیا اور انہیں زرعی پیداوار میں اضافے کیلئے مثالی قرار دیا گیا۔ تقریب کا انعقاد کاشتکاروں کی حوصلہ افزائی، جدید زرعی طریقہ کار کے فروغ اور ضلع ساہیوال میں گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں مزید اضافے کے مقصد کے تحت کیا گیا۔