اصلاحات کے نتائج،سپریم کورٹ میں برسوں پرانے مقدمات کابیک لاگ ختم


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)اصلاحات کے مثبت نتائج،سپریم کورٹ نے برسوں پرانے مقدمات کابیک لاگ ختم کردیا۔

اعلامیے میں کہا گیاپرانے زیرالتوا مقدمات کوترجیحی بنیادوں پرنمٹانے کی پالیسی پرموثر عملدر آمد کیا گیا، جان، آزادی،خاندانی حقوق، ٹیکس،کرایہ داری مقدمات کوترجیحی بنیادوں پرسنا جارہا ہے ،اصلاحات کے بہترنتائج سامنے آئے ،زیر سماعت مقدمات کی اوسط مدت میں کمی ہوئی ، اکتوبر 2024 میں سپریم کورٹ 2015 کے سزائے موت کے مقدمات سن رہی تھی تاہم اب سپریم کورٹ نے سزائے موت کے مقدمات میں11 سال کا بیک لاگ ختم کردیا، سزائے موت کی608 اپیلوں کا فیصلہ کیا گیا،عدالت میں رواں سال مقدمات کی سماعت شروع ہوگئی اور صرف 22 اپیلیں زیرالتوا ہیں۔

عدالت عظمیٰ کے اعلامیے میں کہا گیا سپریم کورٹ نے قبل ازگرفتاری ضمانت کے مقدمات میں6 سال کا بیک لاگ ختم کیا، اکتوبر2024 میں قبل ازگرفتاری ضمانت کے2020 مقدمات زیرسماعت تھے، 2156 درخواستوں کا فیصلہ کیاگیا اب صرف23 درخواستیں زیرالتوا ہیں،سپریم کورٹ نے ضمانت بعدازگرفتاری مقدمات میں17 سال کا بیک لاگ ختم کردیا۔

جولائی2026 میں بعدازگرفتاری کے رواں سال مقدمات کی سماعت ہورہی ہے، بعدازگرفتاری ضمانت کی2303 درخواستوں کا فیصلہ کیا گیا اور اب صرف66 زیرالتوا ہیں،سپریم کورٹ میں خاندانی مقدمات کا بیک لاگ بھی ختم کردیا گیا ،رواں سال مقدمات زیرسماعت ہیں،1065 خاندانی مقدمات کا فیصلہ کیا گیا، صرف150 مقدمات زیرالتوا ہیں ،122 رواں سال کے ہیں،506 ٹیکس مقدمات کا فیصلہ کیا گیا،842 مقدمات زیرالتوا ہیں، زیرالتوا ٹیکس مقدمات اب 2025 اور2026 کے سنے جارہے ہیں ،کرایہ داری کیسز2026 کے مقدمات تک پہنچ گئے ۔