تمام ترقیاتی منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مقررہ مدت میں مکمل کئے جائیں : کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا ہے کہ مون سون کے دوران شہریوں کو کسی قسم کی دشواری سے بچانے کیلئے پنجاب ڈیویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری تمام ترقیاتی منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مقررہ مدت میں مکمل کئے جائیں جبکہ نکاسی آب کا نظام ہر صورت فعال رکھا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تعمیراتی کاموں میں معیار پر کوئی سمجھوتہ قبول نہیں کیا جائے گا اور عوامی تحفظ کیلئے تمام حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق اور منیجنگ ڈائریکٹر واسا کے ہمراہ شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے یادگار پارک میں زیر تعمیر انڈر گراونڈ واٹر ٹینک کے کام کا جائزہ لیا، جہاں منیجنگ ڈائریکٹر واسا نے ترقیاتی منصوبوں، مون سون ایمرجنسی پلان، نکاسی آب کے انتظامات، دستیاب مشینری اور فیلڈ آپریشنز پر بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ بارشوں کے دوران واسا کا عملہ اور مشینری مکمل طور پر متحرک رہیں گے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام تعمیراتی مقامات پر حفاظتی بیریئرز، وارننگ سائن بورڈز اور ٹریفک مینجمنٹ کے موثر انتظامات یقینی بنائے جائیں تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات پیش نہ آئیں۔ انہوں نے واسا حکام کو ہدایت کی کہ بارش کے دوران مشینری اور عملہ ہر وقت ہائی الرٹ رہے اور نشیبی علاقوں سے بارشی پانی کے فوری انخلا کو یقینی بنایا جائے۔بعدازاں کمشنر نے ریلوے اسٹیشن روڈ، ریلوے روڈ، کنعان پارک اور سٹیڈیم روڈ پر جاری ترقیاتی منصوبوں کا بھی معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو رفتار اور معیار برقرار رکھتے ہوئے منصوبے بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے لوئر باری دوآب نہر میں پانی کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو مون سون کے دوران مکمل باہمی رابطہ برقرار رکھنے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے پیشگی انتظامات مزید موثر بنانے کی بھی ہدایت کی۔ علاوہ ازیں کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن ”اوپن ڈور پالیسی“کے تحت شہریوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ ڈاکٹر آصف طفیل نے درخواستوں کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر، مقررہ وقت میں اور میرٹ کے مطابق حل کیا جائے۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام کو ان کی دہلیز پر بہتر سہولیات اور فوری ریلیف کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔