لاہور:(نمائندہ خصوصی) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری کی خصوصی ہدایت پر دفتر ڈی جی پی آر میں پاکستان کے 79ویں یوم آزادی کے سلسلے میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں ڈی جی پی آر کے افسران و اہلکاروں نے بھرپور شرکت کی ،ڈی جی پی آر پنجاب شیخ فرید احمد تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
ڈی جی پی آر پنجاب شیخ فرید احمد نے قوم کو پاکستان کے 79ویں یوم آزادی پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا پاکستان قائداعظم کی بے مثال قیادت اور ہمارے بزرگوں کی لازوال قربانیوں کے نتیجے میں حاصل ہوا، بزرگوں نے آزادی کے حصول کےلئے بے شمار قربانیاں دیں اور ہجرت کی صعوبتیں برداشت کیں،پاکستان صرف زمین کا ایک ٹکڑا نہیں بلکہ خوابوں، امیدوں اور آنے والی نسلوں کا مستقبل ہے،پاکستان نے دنیا میں منفرد شناخت اور پہچان عطا کی جس پر فخر ہے، پاکستان آج ایک ایٹمی قوت اور عالم اسلام میں اہم اور باوقار مقام رکھتا ہے۔
شیخ فرید احمد نے کہا آزادی اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے، قدر اور حفاظت سب کی مشترکہ ذمہ داری ، ڈی جی پی آر حکومت اور عوام کے درمیان موثر رابطے، درست معلومات کی فراہمی اور مثبت قومی تشخص اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، ذمہ دارانہ ابلاغ کے ذریعے عوامی اعتماد کو مضبوط اور قومی یکجہتی کو فروغ دینا ہمارا فرض ہے،ہم اپنے فرائض ذمہ داری، دیانت، محنت اور اخلاص کے ساتھ ادا کرنے کا عہد کرتے ہیں، پاکستان کو انسانیت، رواداری، خوشحالی اور اچھی طرزِ حکمرانی کی مثال بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں عوامی فلاح، متوازن ترقی اور بہتر طرز حکمرانی کےلئے اقدامات قابل تحسین ہیں۔
ڈی جی پی آر پنجاب نے افواجِ پاکستان کے بہادر جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا وہ دن رات وطن کی سرحدوں کی حفاظت پر مامور ہیں، پاکستان کے شہداءنے اپنے لہو سے وطن کی آزادی، دفاع اور سلامتی کی حفاظت کی، مسلح افواج کا ملکی دفاع و سلامتی میں کردار ہمیشہ قابل فخر اور قابل احترام رہا ہے،شیخ فرید احمد نے اس عزم کا اظہار کیا پاکستان کی ترقی ہماری ذمہ داری، پاکستان کی خدمت ہمارا فرض اور پاکستان کی سربلندی ہماری منزل ہے،اس موقع پر ڈی جی پی آر فرید احمد نے پرچم کشائی بھی کی، آخر میں وطن عزیز کی سلامتی، بھلائی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
پاکستان کی ترقی ذمہ داری،خدمت فرض،سربلندی منزل ہے،شیخ فرید احمد


















