چودھری سالک ثبوت پیش کریں، ورنہ عدالت لے کر جاﺅں گی، مریم نواز


اٹک ، لاہور:( بیورورپورٹ، نمائندہ خصوصی)اٹک میں طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا ہے کہ میں چوہدری سالک حسین کو پنجاب حکومت کی کرپشن سے متعلق دعوے پر ہرجانے کا نوٹس بھجواوں گی۔انہوں نے کہا ہے کہ چوہدری سالک وفاقی وزیر ہیں، الزام لگانے کے بجائے ثبوت پیش کریں، اگر ان کے پاس ثبوت ہیں تو سامنے لائیں، ورنہ عدالت میں لے کر جاو¿ں گی، انہوں نے کہا کہ اگر اتنی کرپٹ حکومت ہے تو اس کے ساتھ وزیر بن کر کیوں بیٹھے ہو۔

مریم نواز نے کہا ہے کہ جو شخص سفارش پر آتا ہے وہ ملک اور عوام کا بیڑا غرق کرتا ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے اٹک میں 23 ارب روپے کی لاگت سے 127 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کردیا، جن میں 59 سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے منصوبے بھی شامل ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ لیپ ٹاپس اور اسکالر شپس دینے نہیں بلکہ طلبہ کی کامیابیوں کو ایک ماں کی حیثیت سے سراہنے آئی ہوں، یہ طلبہ کی محنت کی کمائی اور ان کا حق ہے، بہت سے بچوں نے وسائل کی کمی اور سیاسی طور پر بھڑکائے جانے کے باوجود محنت کا راستہ نہیں چھوڑا، ماضی کی باتیں نہیں کرنا چاہتی، خرابیوں کی نشاندہی کے بجائے مسائل کے حل کے لیے آئی ہوں ۔وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ وسائل کی کمی کے باعث اب کوئی بچہ تعلیم سے محروم نہیں ہو گا، پنجاب واحد صوبہ ہے جو بچوں کو لیپ ٹاپس، اسکالرشپس اور موٹر بائیکس بھی فراہم کر رہا ہے، پنجاب میں 300 نواز شریف اسکولز آف ایمننس قائم کیے جا رہے ہیں، تعلیم کا انقلاب خود بخود نہیں آیا بلکہ اس کے لیے محنت کی گئی ہے۔۔ستھرا پنجاب کے 2 لاکھ ملازمین صوبے کی صفائی کر رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاضلع اٹک میں گرین بسیں بھی چل رہی ہیں، اٹک کے لیے مزید گرین بسیں لے کر آئی ہوں اور ان کے افتتاح کے لیے طلبہ کو مدعو کیا جائے گا۔انہوں نے کہا ہے کہ پرویز الہٰی نے جو گجرات شہر کو دیا، وہاں میری لیڈ کروزر بارش کے پانی میں ڈوب گئی، تکلیف اس بات کی ہے کہ میں نے ڈی سی گجرات کو تبدیل کیا ہے، جو لوگ میرے گرنے کے منتظر تھے، آج ترقی دیکھ کر پروپیگنڈا کر رہے ہیں،ماضی میں لوگوں کی عادت تھی کہ عوام کو سٹیج سے نیچے گرا دیا جاتا تھا، تاہم وہ عوام کے درمیان رہنے اور ان سے براہ راست رابطے کو اہمیت دیتی ہیں۔

مریم نواز نے کہامشکلات سے گھبرانا نہیں چاہیے اور نہ ہی ہمت ہارنی چاہیے، آگ کے دریا سے گزرنا پڑتا ہے اور جیلیں بھی کاٹنی پڑتی ہیں، اس لیے دل چھوٹا نہیں کرنا چاہیے، عوام کی خدمت کرکے جو سکون ملتا ہے، وہ کہیں اور نہیں ملتا۔مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ آج ہونہار بچے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گے، اٹک کے بازار کو اتنا خوبصورت بنایا گیا ہے کہ اس نے لبرٹی مارکیٹ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے، بارش کے بعد پانی میں ڈوبنے والے اٹک شہر کے مسائل حل کرنے کے لیے اربوں روپے کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ کرپشن کے الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ کوئی ثابت کردے کہ انہوں نے ایک روپیہ بھی کرپشن کی ہے تو وہ اللہ اور عوام کے سامنے جوابدہ ہوں گی۔