پاکستان نے جی 24گروپ کی سربراہی سنبھال لی، کامیابی اہم سفارتی سنگ میل ہے،وزیراعظم

اسلام آباد: (بیورورپورٹ) پاکستان نے ترقی پذیر ممالک کے جی 24 گروپ کی سربراہی سنبھال لی،وزیر خزانہ اورنگزیب نئے چیئرمین بن گئے ۔

وزیر خزانہ سینیٹر اورنگزیب نے کہا پاکستان عالمی مالیاتی نظام میں ترقی پذیرممالک کی مناسب نمائندگی ،منصفانہ مالیاتی نظام کےلئے آواز بلندکرے گا، عالمی معاشی پالیسیوں میں ترقی کو مرکزی اہمیت دینے کی ضرورت ہے، معاشی استحکام کے ثمرات سرمایہ کاری، روزگار ،عوامی خوشحالی کی صورت میں سامنے آنے چاہئیں۔

سینیٹر اورنگزیب نے عالمی مالیاتی اداروں میں ترقی پذیر ممالک کی نمائندگی بڑھانے ،تمام ممالک کو فیصلہ سازی میں مناسب حصہ دینے پر زوردیتے ہوئے کہاترقی پذیر ممالک کو سستی ،بروقت مالی معاونت فراہم ،قرضوں کے مسائل کا پائیدار حل نکالا اورموسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کےلئے اقدامات کیے جائیں،پاکستان جی 24 کی سربراہی میں آئی ایم ایف ، عالمی بینک کےساتھ مل کر کام کرےگا، ترقی پذیر ممالک میں سرکاری ،نجی سرمایہ کاری بڑھانے کےساتھ معاشی اصلاحات ،پائیدار ترقی کےلئے مالی وسائل کی فراہمی بھی ترجیحات میں شامل ہوگی،جی 24 کی کامیابی کا اصل پیمانہ ترقی پذیرممالک کے عوام کی زندگیوں میں بہتری لانا ہے، پاکستان ترقی پذیرممالک کی اجتماعی آواز کو عملی اقدامات میں تبدیل کرنے کےلئے اپنا کردار ادا کرے گا۔

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کو بین الحکومتی گروپ (جی 24) کی چیئرمین شپ ملنے پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہااہم سفارتی سنگ میل عالمی سطح پر موثر کردار ،آواز کو مزید تقویت دےگا،کامیابی عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کو مزید مضبوط کرےگی،سینیٹر اورنگزیب اورپوری وزارت خزانہ ٹیم کی انتھک محنت، موثر سفارتکاری ،پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔