اسلام آباد (مشرق نیوز) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان آسیان کے ساتھ تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کا خواہاں ہے۔ آسیان کے سیکرٹری جنرل کاو کم ہورن کے ساتھ ملاقات کے موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا میں مکالمے کے فروغ کیلئے آسیان کی کوششوں کواہمیت دیتا ہے، امن، استحکام اورمشترکہ ترقی کیلئے اجماعی کوششیں ضروری ہیں۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور آسیان کے درمیان عوامی سطح پرتبادلوں کوفروغ دینے کے خواہاں ہیں، آسیان سیکرٹری جنرل کادورہ شراکت داری آگے بڑھانے کےعزم کی عکاس ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ آسیان سیکرٹری جنرل کادورہ باہمی تعاون کونئی تقویت دیگا، پاکستان اور آسیان کے درمیان نئے شعبوں میں تعاون کی ضرورت ہے، تعاون کے فروغ کیلئے آج کے مذاکرات اہمیت کے حامل ہیں۔
اس موقع پر سیکرٹری جنرل آسیان کاو کم ہورن نے کہا کہ پاکستان اور آسیان کے درمیان سیکٹرل ڈائیلاگ شراکت داری 1993 میں قائم ہوئی، پاکستان کے ساتھ دیرینہ شراکت داری کو اہمیت دیتے ہیں، مختلف شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
سیکرٹری جنرل آسیان نے کہا کہ تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی ترقی میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے، عوامی روابط،ثقافتی تبادلوں اورنجی شعبے کی ترقی میں تعاون ناگزیر ہے۔
آسیان کےساتھ تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے خواہاں ہیں: اسحاق ڈار
















