لاہور، ملتان (اپنے رپورٹر سے+ مشرق نیوز) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خاں نے کہا ہے کہ تعلیم ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور ہر بچے کو تعلیم کی فراہمی ریاست کیلئے ایک بڑا چیلنج ہے،آج بھی اڑھائی کروڑ بچے سکول سے باہر ہیں تاہم موجودہ پنجاب حکومت نے تعلیم کے شعبے کو اولین ترجیح دیتے ہوئے تاریخ کا سب سے بڑا تعلیمی بجٹ مختص کیا ہے اور تعلیم کا بجٹ 17 ارب روپے سے بڑھا کر 46 ارب روپے کر دیا گیا ،ان خیالات کااظہار انہوں نے ملتان میں نجی یونیورسٹی کے کانووکیشن 2025ءمیں بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا، سپیکر ملک احمد خاں نے کہا کہ سرکاری تعلیمی اداروں میں 97 فیصد بچے زیرِ تعلیم ہیں لیکن سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے اخراجات میں واضح فرق موجود ہے، جس کے باعث سرکاری اداروں کے طلبہ کو کئی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب سرکاری تعلیمی اداروں کا معیار بہتر بنانے، تعلیمی سہولیات میں اضافہ کرنے اور اساتذہ کی استعداد کار بڑھانے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے، ملک احمد خاں نے کہا کہ تعلیم میں سرمایہ کاری دراصل قوم کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے اور نجی تعلیمی اداروں کو بھی چاہیے کہ وہ تعلیمی مساوات کے فروغ کیلئے حکومت کا ساتھ دیں۔ انہوں نے فارغ التحصیل طلبہ و طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ملک کا مستقبل ہیں اور آپ کی ذمہ داری ہے کہ حاصل کی گئی تعلیم کو قومی ترقی، معاشی استحکام اور سماجی بہتری کیلئے بروئے کار لائیں۔قبل ازیں سپیکر پنجاب اسمبلی نے کانووکیشن میں فارغ التحصیل طلبہ و طالبات میں ڈگریاں اور اسناد تقسیم کیں۔
تعلیم ہر شہری کا بنیادی حق ،فراہمی ریاست کےلئے بڑا چیلنج ہے: ملک احمد خان


















