جکارتہ (مشرق نیوز) وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے انڈونیشیا کا دورہ کیا جس میں طب سے متعلق تعاون پر اتفاق کیا گیا۔ ترجمان وزارت صحت کے مطابق مصطفی کمال جکارتہ پہنچے جہاں پاکستان کے سفیر برائے انڈونیشیا نے انکا استقبال کیا۔ دورے کے دوران وزیر صحت مصطفی کمال کی معروف ویکسین ساز کمپنی بایﺅ فارما کے صدر ڈائریکٹر شادق اکاسیا سے بھی ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان ویکسین کی تیاری کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر صحت مصطفی کمال نے پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان ویکسین کی تیاری کے شعبے میں باہمی تعاون کی اہمیت پر اور ویکسین کی مقامی پیداوار میں خودکفالت کی اہمیت پر زور دیا۔
بائیو فارما اینڈ این آئی ایچ پاکستان کے درمیان ٹیکنالوجی کی منتقلی استعداد کار کو بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا۔ مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ پاکستان ویکسین کی تیاری کے شعبے میں انڈونیشیا کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہتا ہے۔ پاکستان میں اپنی ویکسین پروڈکشن سہولت قائم کرنے کیلئے انڈونیشیا کے ساتھ قریبی اور عملی تعاون کا خواہاں ہے۔
پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان طبی شعبہ میں بھرپور تعاون پر اتفاق


















