گداگری پیشہ سب سے زیادہ ”روزگار“میسر کر رہا ہے،خواجہ آصف


سیالکوٹ:(بیورورپورٹ)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہاہے گداگری کامنظم پیشہ ملک میں سب سے زیادہ ”روزگار“میسر کر رہا ہے،بھیک منگوانے کےلئے اب باقاعدہ ٹھیکیدار موجود ہیں، ٹھیکیدار بچوں، عورتوں اور جعلی معذوروں کو بھرتی کر کے کروڑوں روپے کما رہے ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا یہی ٹھیکیدار مافیا بھیک منگوں کو ہزاروں کی تعداد میں خلیجی ممالک بھیج رہا ہے، خلیجی ملکوں نے زچ ہو کر ویز ے بند کر دئیے ہیں،گھناونے کام میں ائیرپورٹس پر مختلف محکموں کا عملہ حصہ داراور مال بنا رہا ہے، سیالکوٹ میں لوگ زیادہ تر جنوبی پنجاب سے آکر ہوٹلوں میں رہ کر دھندہ کرتے ہیں۔

وزیر دفاع نے کہا انتظامیہ ، پولیس کی حالیہ کارروائیوں سے کاروبار میں کمی آئی لیکن اب بھی بھکاریوں کی موجودگی نظر آتی ہے، کاروبار کسی شہر میں انتظامیہ اور پولیس کی سرپرستی کے بغیر نہیں ہو سکتا، کاروبار کےساتھ اور بہت سے نہایت گھناونے دھندے منسلک ہیں۔