نیویارک (مشرق نیوز) صحتمند زندگی کیلئے خوراک کے ساتھ ساتھ رات بھر کی پرسکون اور اچھی نیند بھی بہت اہم ہے۔ نیند جسم اور دماغ کی کارکردگی کو بہتر بناتی ہے، سوتے ہوئے ہمارا جسم خود کو دوبارہ فعال کر کے توانائی حاصل کرتا ہے یہی وجہ ہے کہ اچھی نیند دماغی صحت، جذباتی سکون اور جسمانی فٹنس کیلئے بہت ضروری ہے۔
میڈیکل رپورٹس کے مطابق بہتر نیند ہارمونز کے توازن کو سہارا دیتی ہے، مدافعتی نظام کو مضبوط کرتی ہے اور یادداشت اور ذہنی صلاحیتوں کو بھی بہتر بناتی ہے۔ نیند کی کچھ عادات صحت کو منفی طور پر متاثر کر سکتی ہیں جس میں غلط پوزیشن میں سونا بھی شامل ہے۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ غلط پوزیشن میں سونے سے سکون کم ہو سکتا ہے اور وقت گزرنے کے ساتھ کمر درد جیسے مسائل جنم لے سکتے ہیں۔ پیٹ کے بل سونے سے گردن اور ریڑھ کی ہڈی پر غیر ضروری دباو پڑتا ہے، جس سے پٹھوں میں تناو اور اکڑن پیدا ہوتی ہے۔
پیٹھ کے بل سونا
ماہرین زیادہ تر پیٹھ کے بل سونے کا مشورہ دیتے ہیں کیونکہ پیٹھ کے بل سونے سے جسم کا وزن یکساں طور پر تقسیم ہوتا ہے جس کی وجہ سے دباو کم ہوتا ہے۔
کروٹ پر سونا
کروٹ پر سونا بھی فائدہ مند ہے اور اگر کروٹ پر سوتے ہوئے گھٹنوں کے درمیان تکیہ رکھ لیا جائے تو جسم سیدھا رہتا ہے، کولہوں اور کمر کے نچلے حصے پر دباو کم آتا ہے۔ کچھ ماہرین ریڑھ کی ہڈی کے درمیان مناسب فاصلہ برقرار رکھنے کیلئے ٹانگوں کو جسم کی طرف تھوڑا سا موڑ کر سونے کا مشورہ بھی دیتے ہیں، خاص طور پر ان لوگوں کو، جو کمر کے دائمی مسائل میں مبتلا ہیں۔
گھٹنوں کے نیچے تکیہ رکھ کر سونا
سوتے ہوئے گھٹنوں کے نیچے تکیہ رکھنے سے کمر کے نچلے حصے کو سہارا ملتا ہے اور ریڑھ کی ہڈی کی قدرتی شکل برقرار رہتی ہے۔
سوتے ہوئے مناسب گدے اور تکیے کا انتخاب
مناسب نیند کا انحصار گدے اور تکیے کے انتخاب پر بھی ہوتا ہے، ایک مناسب گدا جسم اور ریڑھ کی ہڈی کو سہارا دیتا ہے، اسلئے بوسیدہ گدے کو تبدیل کیا جانا چاہئے۔ تکیہ ایسا ہو جو گردن کو غیر فطری زاوئیے میں نہ رکھے۔ پتلے تکیے پیٹھ کے بل سونے والوں کیلئے موزوں ہوتے ہیں، جبکہ موٹے تکیے کروٹ پر سونے کیلئے آرام دہ سمجھے جاتے ہیں۔
سونے اور جاگنے کا وقت
روزانہ ایک ہی وقت پر سونے اور جاگنے کی عادت ڈالیں، اس سے جسم کی قدرتی گھڑی(سرکیڈین ردھم) کو متوازن رکھنے میں مدد ملتی ہے۔
سونے کیلئے پرسکون ماحول
نیند پر ماحول کا بھی اثر پڑتا ہے، ٹھنڈے، اندھیرے اور پرسکون کمرے میں گہری اور اچھی نیند آتی ہے۔ ماہرین صحت سونے سے پہلے سکرین کا استعمال محدود کرنے کا بھی مشورہ دیتے ہیں، کیونکہ ٹی وی، موبائل یا لیپ ٹاپ سے نکلنے والی نیلی روشنی نیند کو متاثر کر سکتی ہے۔
ماہرین صحت سونے سے پہلے پرسکون سرگرمیاں جیسے پڑھنا، مراقبہ یا ہلکی پھلکی سٹریچنگ کرنے کا مشورہ بھی دیتے ہیں۔ اسکے علاوہ دن کے وقت جسمانی طور پر متحرک رہنے اور رات کو ہلکا کھانا کھانے سے بھی نیند کا معیار مزید بہتر ہوتا ہے۔ اچھی نیند کو یقینی بنانے کیلئے سونے کی پوزیشن پر توجہ دینے اور صحتمند عادات کو اپنانے سے کمر کے درد سے نجات حاصل کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
کمر درد سے نجات کیلئے کس پوزیشن میں سونا سب سے بہتر؟


















