لاہور (میاں ذیشان) رئیل سٹیٹ سیکٹر کو بڑا دھچکا، پنجاب حکومت کی جانب سے سٹیمپ ایکٹ میں ترمیم کرتے ہوئے قلیل مدت میں جائیداد کی منتقلی پر اضافی ٹیکس نافذ کر دیا گیا ہے۔ جائیداد کی بارہ ماہ کے اندر منتقلی پر خریدار سے 1 فیصد جبکہ ایک سال بعد 2 فیصد اسٹام ڈیوٹی عائد کر دی گئی۔ نئی پالیسی سے نہ صرف کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوں گی بلکہ تعمیراتی صنعت بھی سست روی کا شکار ہو سکتی ہے۔تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے سٹیمپ ایکٹ میں ترمیم کرتے ہوئے جائیداد کی خرید و فروخت پر ٹیکسوں میں نمایاں اضافہ کر دیا گیا ہے جس کے باعث رئیل اسٹیٹ سیکٹر کو ایک بڑا دھچکا پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ نئی پالیسی کے تحت اگر کوئی خریدار بارہ ماہ کے اندر جائیداد منتقل کرتا ہے تو اسے ایک فیصد سٹامپ ڈیوٹی ادا کرنا ہوگی جبکہ ایک سال کے بعد منتقلی کی صورت میں یہ شرح بڑھا کر دو فیصد کر دی گئی ہے جس سے سرمایہ کاروں پر مالی بوجھ میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔ پہلے ہی جائیداد کی منتقلی کی بابت رئیل سٹیٹ سیکٹر مختلف ٹیکسز جیسے کیپٹل گین ٹیکس، ودہولڈنگ ٹیکس، پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی سروس فیس اور رجسٹریشن فیس کی مد میں دباﺅ کا شکار تھا، تاہم اس نئی ترمیم کے بعد مجموعی ٹیکس بوجھ مزید بڑھ کر سرمایہ کاری کیلئے غیر موزوں ماحول پیدا کریگا۔ اس اقدام سے قلیل مدتی سرمایہ کاری جسے عام طور پرفائل کلچر یا پراپرٹی فلپنگ کہا جاتا ہے، تقریباً ختم ہونے کا خدشہ ہے، جس کے نتیجے میں مارکیٹ میں لین دین کی رفتار سست پڑ جائیگی جبکہ تعمیراتی شعبہ، جو براہ راست رئیل اسٹیٹ سے منسلک ہے، بھی اس منفی اثر سے محفوظ نہیں رہے گا کیونکہ سرمایہ کاری میں کمی سے نئے منصوبوں کی رفتار کم ہو جائے گی، جس کے باعث روزگار کے مواقع بھی محدود ہو سکتے ہیں۔ ٹیکسوں میں اس اضافے سے نہ صرف مقامی سرمایہ کار بددل ہوں گے بلکہ بیرون ملک پاکستانیوں کی سرمایہ کاری بھی متاثر ہو سکتی ہے، جس سے زرِ مبادلہ کے حصول میں کمی کا خدشہ ہے۔ رئیل سٹیٹ سے وابستہ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر حکومت نے ٹیکس پالیسیوں میں توازن پیدا نہ کیا تو رئیل سٹیٹ سیکٹر غیر دستاویزی معیشت کی جانب مزید مائل ہو سکتا ہے جس سے حکومتی محصولات بڑھنے کے بجائے کم بھی ہو سکتے ہیں، لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت ایسی پالیسیاں متعارف کرائے جو سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کریں اور معیشت کے اس اہم شعبے کو مستحکم بنائیں۔
پنجاب میں سٹیمپ ایکٹ میں ترمیم، قلیل مدت میں جائیداد کی منتقلی پر اضافی ٹیکس نافذ



















