لاہور(کامرس رپورٹر) مشرقِ وسطیٰ اور دیگر خطوں میں جاری کشیدگی کے تناظر میں ممکنہ جنگ بندی کی خبروں نے عالمی معیشت کے ساتھ ساتھ پاکستان کی معیشت میں بھی امید کی ایک نئی لہر پیدا کر دی ہے۔ ماہرین معیشت کے مطابق اگر جنگ بندی پائیدار ثابت ہوتی ہے تو اسکے اثرات براہ راست عالمی منڈیوں، تیل کی قیمتوں، درآمدی اخراجات اور مہنگائی پر مرتب ہوں گے جس کا فائدہ پاکستان جیسے درآمدی معیشت رکھنے والے ممالک کو ہو سکتا ہے۔معاشی ماہر ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا کا کہنا ہے کہ جنگی حالات میں سب سے بڑا اثر توانائی کی قیمتوں پر پڑتا ہے۔ اگر جنگ بندی ہو جاتی ہے تو عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں 10 سے 20 فیصد تک کمی آ سکتی ہے جس سے پاکستان کا درآمدی بل کم ہوگا اور روپے پر دباو¿ میں بھی کمی آئے گی۔ انکا کہنا تھا کہ پاکستان سالانہ اربوں ڈالر کا تیل درآمد کرتا ہے، لہٰذا قیمتوں میں کمی سے براہ راست ریلیف ملے گا۔ماہر معاشیات ڈاکٹر قیصر بنگالی کے مطابق جنگ بندی سے عالمی سپلائی چین بحال ہوگی، جس سے اشیائے خوردونوش اور صنعتی خام مال کی ترسیل بہتر ہو جائے گی۔ اس کے نتیجے میں پاکستان میں مہنگائی کی شرح میں 2 سے 4 فیصد تک کمی ممکن ہے، بشرطیکہ حکومت اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے مو¿ثر اقدامات کرے۔ ادھر تاجر برادری بھی ممکنہ جنگ بندی کو معیشت کیلئے خوش آئند قرار دے رہی ہے۔ لاہور کے ایک بڑے درآمد کنندہ محمد ارشد نے بتایا کہ جنگی حالات میں شپنگ اخراجات اور انشورنس ریٹس بہت بڑھ جاتے ہیں، جس سے کاروبار متاثر ہوتا ہے۔ اگر جنگ بندی ہو جاتی ہے تو نہ صرف اخراجات کم ہوں گے بلکہ کاروباری سرگرمیاں بھی بحال ہوں گی۔ شہریوں نے بھی مہنگائی میں ممکنہ کمی پر امید کا اظہار کیا ہے۔ ایک نجی ملازم عبدالرو¿ف کا کہنا تھا کہ اگر پیٹرول اور ڈیزل سستا ہوتا ہے تو ٹرانسپورٹ کے کرائے اور روزمرہ اشیاءکی قیمتیں بھی کم ہوں گی جس سے عام آدمی کو کچھ ریلیف ملے گا۔ اسی طرح گھریلو خاتون نسرین بی بی نے کہا کہ آٹا، دالیں اور سبزیاں مہنگی ہو چکی ہیں، اگر جنگ بندی سے قیمتیں کم ہوتی ہیں تو یہ عام گھرانوں کیلئے بڑی خوشخبری ہوگی۔ ماہرین کے مطابق پاکستان میں مہنگائی کا بڑا انحصار درآمدی لاگت پر ہے، خاص طور پر تیل، گیس اور دالوں جیسی اشیاءپر، جنگ بندی کے نتیجے میں اگر عالمی قیمتیں کم ہوتی ہیں تو ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15 سے 25 روپے فی لیٹر تک کمی ممکن ہے، جس کے اثرات ٹرانسپورٹ، بجلی اور پیداواری لاگت پر بھی پڑیں گے۔
جنگ بندی کے مثبت اثرات مہنگائی پر مرتب ہونگے: ماہرین ،تیل، گیس مزید سستا کیا جائے: شہری



















