لاہور: (نمائندہ خصوصی)امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے یکم مئی کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے اور مہنگی بجلی کےخلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا جماعت اسلامی حکومت کی عوام دشمن شمسی توانائی (سولر ) پالیسی ،پنجاب میں کسانوں کے استحصال کےخلاف بھی مظاہرے کرے گی۔
منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہاآئی پی پیز کو اربوں کی ادائیگیاں ، غریب عوام کا خون نچوڑا جارہا ہے،سود کی لعنت کے ہوتے معیشت بہتر نہیں ہوگی،حکمران امریکی غلامی کا طوق پہنے ہوئے ہیں، نظام بدلنا ہوگا، ملک میں عام آدمی کو انصاف کےلئے دھکے کھانا پڑتے ہیں، پنجاب میں سکولوں کو فروخت کیا جارہا ہے، حکومتیں عوام کو تعلیم، صحت، انصاف ،امن کی فراہمی میں مکمل ناکام ہوگئیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا نظام کی تبدیلی کے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، پاکستان کو دیانت دار ،اہل قیادت کی ضروت ہے، موجودہ حالات میں پاکستان خطے میں اہم کردار ادا کررہا ہے، حکمرانوں کو اربوں ڈالر بھی مل جائیں تو عوام کو کوئی فائدہ نہیں دیں گے۔
مہنگائی بم، عوام دشمن سولر پالیسی کیخلاف ملک گیر احتجاج ہوگا،حافظ نعیم الرحمن


















