ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت اوول سپورٹس کمپلیکس کی تزئین و آرائش بارے خصوصی اجلاس کمشنر آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق، اے ڈی سی ریونیو ماحبا نعمت، اسسٹنٹ کمشنر ماہم واحد اور سی او ایم سی شیخ اشفاق احمد، ڈی ایم ڈی عابد فرید نے شرکت کی۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ عوام کو تفریحی کے مواقع کی فراہمی کیلئے جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ فوڈ سٹریٹ، ہیلتھ اینڈ ویلنس پارک اور سپورٹس کورٹس بھی تعمیر ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ اوول سپورٹس کمپلیکس میں بجلی کی لائنیں انڈر گراونڈ کی جائیں گی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ کمشنر کی ہدایت پر میونسپل کارپوریشن نے جامع منصوبہ تیار کر لیا ہے۔ کنسلٹنٹ نے اجلاس کو بجلی انڈر گراونڈ کرنے بارے بریفنگ بھی دی۔ دریں اثناءکمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے اپنے دفتر میں ساہیوال بورڈ آفس میں بینک بوتھ کے قیام کے حوالے سے بینکوں کے سربراہان سے اہم اجلاس کیا۔ اجلاس میں بینک بوتھ کے قیام سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی غور کیا گیا اور بینک سربراہان نے مجوزہ منصوبے پر جامع بریفنگ دی۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے اس موقع پر کہا کہ بورڈ آفس میں بینک بوتھ کے قیام سے طلبہ و طالبات کو فیسوں کی ادائیگی میں نمایاں سہولت میسر آئے گی اور انہیں بینکوں کے بار بار چکر لگانے کی زحمت نہیں اٹھانا پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کی آسانی کے پیش نظر بورڈ آفس میں ون ونڈو آپریشن، معلوماتی کاونٹر اور بینک بوتھ کا قیام ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ بینک سربراہان جلد از جلد ضروری کارروائی مکمل کریں تاکہ بورڈ آفس میں بینک بوتھ قائم کر کے طلبہ و طالبات کو ایک ہی جگہ فیس جمع کروانے اور دیگر مسائل کے حل کی سہولت فراہم کی جا سکے۔
بورڈ آفس میں بینک بوتھ کے قیام سے طلبہ کو فیسوں کی ادائیگی میں سہولت ہوگی :کمشنر ساہیوال



















