محرم میں امن و امان کیلئے صوبے بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کردی: آئی جی

لاہور (کرائم رپورٹر) عشرہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور عزاداران کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کیلئے پنجاب بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں جلوسوں اور مجالس کے دوران سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں اور تمام متعلقہ ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق 2 محرم الحرام کو لاہور سمیت صوبہ بھر میں 30 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی فرائض سرانجام دئیے۔ صوبے بھر میں آج 88 عزاداری جلوس اور 3 ہزار 683 مجالس منعقد ہو رہی ہیں جبکہ لاہور میں 8 عزاداری جلوس برآمد ہوں گے اور 399 مجالس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق مجالس اور جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات میں 16 ہزار سے زائد کمیونٹی رضاکار بھی معاونت فراہم کر رہے ہیں۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے نافذ دفعہ 144 پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے اور ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش، نفرت انگیز مواد کی تشہیر اور اشتعال انگیزی پر مکمل پابندی عائد ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ طے شدہ روٹس اور مقامات کے علاوہ کسی بھی جگہ جلوس یا مجلس کی اجازت نہیں ہوگی۔ سیف سٹیز اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کے کیمروں کی مدد سے تمام سرگرمیوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، جبکہ سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ، ٹریفک پولیس، ڈولفن سکواڈ، پیرو فورس اور دیگر فیلڈ فارمیشنز بھی سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہیں۔آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ لاوڈ سپیکر ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے اور سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد پھیلانے والے عناصر کیخلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آر پی اوز، ڈی پی اوز، منتظمین جلوس و مجالس، کمیونٹی لیڈرز اور علماءکرام سے مسلسل رابطے میں رہیں تاکہ محرم الحرام کے دوران امن، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کی فضا برقرار رکھی جا سکے۔ ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ تمام اضلاع میں قائم کنٹرول رومز کو سنٹرل پولیس آفس کے مرکزی کنٹرول روم سے منسلک کر دیا گیا ہے اور محرم الحرام کے دوران 24 گھنٹے رابطہ اور نگرانی کا نظام فعال رہیگا۔