فوج میں بغاوت کی بات کرنےوالوں کو پھانسی دی جائے،آزاد کشمیر قیادت

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)آزاد کشمیر کی قیادت نے کہاہے ریاست کےخلاف اکسانے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی،پاک فوج میں بغاوت کی بات کرنےوالوں کو سرعام پھانسی دی جائے،ان خیالات کا اظہار سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق ،صدر ن لیگ آزاد کشمیر شاہ غلام قادر،پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی صدر نبیلہ ایوب ودیگر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

رہنماﺅں نے کہاکالعدم ایکشن کمیٹی عوامی حقوق کی آڑ میں کسی اور ایجنڈے پر عمل پیرا ہے لیکن آزاد کشمیر ،پاکستانی عوام میں محبت کے رشتے کو ختم نہیں کیا جا سکتا،موجودہ کشیدگی عوام کی بے چینی میں اضافے کا باعث بن رہی ، حکومت پاکستان نے ہر معاملے میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا لیکن جرائم کا ارتکاب کرنےوالے قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے، پاک فوج اپنے مضبوط نظم و ضبط کی بدولت منظم ادارہ ،کشمیری عوام نے انتشار پھیلانے والے گروہ کو مسترد کر دیا۔

آزاد کشمیر قیادت نے کہا کشمیریوں کا پاک فوج کےساتھ تعلق کسی عہدے، منصب یا مراعات کا مرہون منت نہیں بلکہ رشتہ قیامِ پاکستان سے بھی پہلے کا قائم ہے،چند گنے چنے لوگ پاکستان مخالف ایجنڈے پر کام کررہے ہیں، کشمیری عوام کا کوئی تعلق نہیں۔