تربیت یافتہ افسران محکمہ جیل کی شان ہیں: کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بیورو رپورٹ) پنجاب پریزنز سٹاف ٹریننگ کالج ساہیوال میں اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل سے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل کے عہدے پر ترقی کیلئے منعقدہ کیریئر پروگریشن کورس کی پاسنگ آوٹ پریڈ کا شاندار انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل تھے۔ اس موقع پر کمانڈنٹ پنجاب پریزنز سٹاف ٹریننگ کالج ساہیوال ملک شوکت فیروز اعوان سمیت محکمہ جیل خانہ جات کے سینئر افسران اور تربیت مکمل کرنے والے افسران نے شرکت کی۔ تقریب کے آغاز پر کمانڈنٹ ملک شوکت فیروز نے مہمانِ خصوصی کا استقبال کیا اور کیریئر پروگریشن کورس کے اغراض و مقاصد، تربیتی نصاب، پیشہ ورانہ مہارتوں میں اضافے اور کورس کے مختلف مراحل پر تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے پاسنگ آوٹ پریڈ کا معائنہ کیا اور پریڈ میں شریک افسران کے بہترین نظم و ضبط، پیشہ ورانہ مہارت اور شاندار کارکردگی کو سراہا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ محکمہ جیل خانہ جات میں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ پیشہ ورانہ تربیت انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ تربیت یافتہ افسران نہ صرف ادارے کی کارکردگی میں بہتری لاتے ہیں بلکہ اصلاحی نظام کو مزیدموثر، شفاف اور مضبوط بنانے میں بھی کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نظم و ضبط، دیانتداری، قانون کی بالادستی اور عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ فرائض کی انجام دہی ہر سرکاری افسر کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے تربیت مکمل کرنے والے افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ دورانِ تربیت حاصل ہونے والے علم، مہارت اور تجربے کو اپنی عملی ذمہ داریوں میں بروئے کار لاتے ہوئے محکمہ جیل خانہ جات کی نیک نامی اور عوامی خدمت کیلئے بھرپور کردار ادا کریں گے۔ تقریب کے اختتام پر کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے پنجاب پریزنز سٹاف ٹریننگ کالج ساہیوال کے کمانڈنٹ ملک شوکت فیروز اور ان کی ٹیم کی کامیاب تربیتی پروگرام کے انعقاد پر کاوشوں کو سراہا۔ دوسری طرف کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق کے ہمراہ اندرون جنرل بس سٹینڈ، بیرون لاری اڈا اور سلاٹر ہاوس کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر میونسپل کارپوریشن کے افسران، متعلقہ محکموں کے نمائندگان اور کنٹریکٹرز بھی موجود تھے۔ انہوں نے جاری تعمیراتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے بیرون لاری اڈا پر مسافروں کیلئے ٹھنڈے پانی کی مناسب فراہمی نہ ہونے پر ناراضی کا اظہار کیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ فوری طور پر صاف اور ٹھنڈے پانی کی دستیابی یقینی بنائی جائے تاکہ مسافروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ کمشنر نے اندرون جنرل بس اسٹینڈ میں زیر تعمیر مسافر خانہ، ٹکٹ گھر، واش رومز اور کنٹرول روم کا تفصیلی معائنہ کیا اور ہدایت کی کہ تمام تعمیراتی کام اعلیٰ معیار کے مطابق اور مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اندرون جنرل بس اسٹینڈ اور بیرون لاری اڈا کو جدید سہولیات سے آراستہ ماڈل ٹرانسپورٹ ٹرمینلز بنایا جائے گا تاکہ مسافروں کو محفوظ، آرام دہ اور معیاری سفری سہولیات میسر آ سکیں۔ بعد ازاں انہوں نے زیر تعمیر سلاٹر ہاوس کا بھی دورہ کیا، جہاں میونسپل کارپوریشن کے افسران نے جاری تعمیراتی کاموں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ سلاٹر ہاوس کا منصوبہ جلد از جلد مکمل کیا جائے اور داخلی راستے پر خوبصورت گرین بیلٹس قائم کی جائیں تاکہ شہر کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہو۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے کہا کہ تمام منصوبوں کی تکمیل مقررہ ٹائم لائن کے مطابق یقینی بنائی جائے گی اور تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ علاوہ ازیں کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے شہر میں جاری بیوٹیفکیشن اور ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس) رانا اورنگزیب، اسسٹنٹ کمشنر ماہم واحد، متعلقہ افسران اور کنٹریکٹرز بھی ان کے ہمراہ تھے۔ کمشنر نے صدر بازار، پاکپتن بازار، سٹی بند روڈ اور شہر کے دیگر مختلف مقامات کا دورہ کرتے ہوئے جاری بیوٹیفکیشن منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس دوران ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق اور کنٹریکٹرز نے منصوبوں کی پیش رفت، معیار اور تکمیل کے حوالے سے بریفنگ دی۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے ہدایت کی کہ بیوٹیفکیشن منصوبوں میں استعمال ہونے والا تمام میٹریل اعلیٰ معیار کا ہونا چاہیے تاکہ ترقیاتی کام دیرپا اور پائیدار ثابت ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کام کے دوران حفاظتی اقدامات پر خصوصی توجہ دی جائے، مزدوروں کیلئے حفاظتی سامان کا استعمال یقینی بنایا جائے، جبکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے مناسب مقامات پر سائن بورڈز اور وارننگ سائنز بھی نصب کیے جائیں۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ تمام منصوبے مقررہ ڈیڈ لائن کے اندر مکمل کیے جائیں اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے بجلی کی تاروں اور الیکٹرک پولز کی منتقلی کے کام میں بھی مزید تیزی لانے کی ہدایت کی تاکہ بیوٹیفکیشن منصوبے بروقت مکمل ہو سکیں۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ حکومت پنجاب شہری علاقوں کو خوبصورت، منظم اور جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ شہر میں نئی گرین بیلٹس قائم کی جائیں اور موجودہ گرین ایریاز کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ شہریوں کو صاف، سرسبز اور خوشگوار ماحول میسر آ سکے۔