فتنہ الخوارج، فتنہ الہندوستان و دیگر ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے: آئی جی

لاہور (کرائم رپورٹر) آئی جی پنجاب عبدالکریم کی زیرصدارت سنٹرل پولیس آفس میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں چینی و دیگر غیر ملکی ماہرین اور باشندوں کی سکیورٹی، افغان سمیت غیر قانونی مقیم غیر ملکی افراد کی وطن واپسی کے عمل اور صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ اے آئی جی آپریشنز زاہد نواز مروت نے متعلقہ امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے چینی و دیگر غیر ملکی قونصل خانوں، چینی ماہرین و باشندوں کی رہائش گاہوں اور ورک پلیسز کی سکیورٹی بڑھانے کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے کہا کہ چینی ماہرین اور دیگر غیر ملکی باشندوں کی نقل و حرکت کے دوران سکیورٹی انتظامات کو مزید سخت کیا جائے تاکہ ہر ممکن تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ پولیس افسران، سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی اور دیگر سکیورٹی اداروں کی مشاورت سے چینی اور غیر ملکی باشندوں کے سکیورٹی آرڈر کا ازسرنو جائزہ لے کر اسے مزید موثر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ افغان سمیت غیر قانونی طور پر مقیم تمام غیر ملکی باشندوں اور تارکین وطن کے انخلا کی مہم میں مزید تیزی لائی جائے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی اور دیگر سکیورٹی و انٹیلی جنس ادارے انٹیلی جنس بیسڈ معلومات کی بنیاد پر غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کی بروقت نشاندہی یقینی بنائیں۔ آئی جی پنجاب نے بین الصوبائی سرحدی علاقوں سمیت صوبہ بھر میں انٹیلی جنس بیسڈ سرچ، سویپ اور کومبنگ آپریشنز تسلسل سے جاری رکھنے کی بھی ہدایت کی۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ بین الصوبائی سرحدی پولیس چوکیوں پر تعینات افسران و اہلکار انتہائی الرٹ رہتے ہوئے اپنے فرائض انجام دیں اور فتنہ الخوارج، فتنہ الہندوستان سمیت دیگر ملک دشمن عناصر کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے تاکہ امن و امان کی صورتحال یقینی بنائی جا سکے۔ اجلاس میں سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ، ایڈیشنل آئی جی ساوتھ پنجاب محمد کامران خان، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، ڈی آئی جی ایس پی یو، تمام آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔