تہران،واشنگٹن:(مشرق نیوز،بیورورپورٹ)ایران میںشدید بمباری،شہری انفراسٹرکچر تباہ،8 افراد شہید،تہران کے خلیجی ممالک میں جوابی حملے،متعدد امریکی فوجی ہلاک کرنے کادعویٰ کردیا۔
امریکہ نے ایئر پورٹ، بندرعباس، بندر حمیر، اہواز اور بوشہر میں شدید بمباری کرتے ہوئے رہائشی عمارتوں، کمیونی کیشن ٹاور، ریلوے سٹیشن ،پلوں،مواصلاتی ٹاور کو نشانہ بنایا،شہری انفراسٹرکچر ،3 پل تباہ ،8افراد شہید ہوگئے،خلیج فارس میں سپر ٹینکر پر بھی حملہ کیاگیا، امریکی سینٹرل کمانڈ نے کہا سپر ٹینکر پر حملہ ایرانی آئل ایکسپورٹ ٹرمینل کے قریب کیا گیا،مسلسل چھٹی رات ایران پر حملوں کی کارروائی مکمل کر لی، فوجی تنصیبات، ساحلی نگرانی کے مراکز ،دفاعی نظام اور لاجسٹک تنصیبات کو نشانے پر رکھا۔
ایران نے جوابی وار میں خلیجی ممالک قطر، کویت،اردن ،بحرین اور شام میں امریکی تنصیبات پر میزائل وڈرون داغے،دبئی کے وسطی علاقے میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
پاسداران انقلاب نے کہا قطر میں العدید ائیر بیس پرحملے کے دوران امریکی اڈے پر نصب ریڈار سسٹم ،متعدد سٹریٹجک فضائی ایندھن فراہم کرنےوالے طیارے تباہ کر دئیے ،کویت کے علی السالم فضائی اڈے پر ریڈار ،فضائی دفاعی نظام ،ایندھن ذخیرہ کرنے کی تنصیبات ،بحرین میں شیخ عیسیٰ ایئر بیس پر موجود امریکی فوجی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا ۔
اپنے بیان میں پاسداران انقلاب نے کہااردن میں امریکی فوجی طیاروں کو بیلسٹک میزائلوں ،ڈرون حملوں کے ذریعے ٹارگٹ کیا،امریکی ری فیولنگ ،لڑاکا جیٹ طیاروں کو تباہ کر دیا ،متعدد کو شدید نقصان پہنچا،شام میں امریکی فوج کے سپیشل آپریشنز کمانڈ سینٹر پر حملے میںمتعدد امریکی فوجی ہلاک ہوگئے۔
پاسداران انقلاب نے کہا امریکی دشمن اور خطے میں فوجی اڈوں کی میزبانی کرنے والے ممالک جان لیں سرخ لکیروں کو عبور کرنے اور عوام و شہری انفراسٹرکچر پر حملوں کی بہت بھاری قیمت چکانا ہوگی،دشمن نے سلسلہ جاری رکھا تو مزید سخت ،فیصلہ کن جوابی کارروائیاں کی جائیں گی۔
ادھر ایرانی وزارت توانائی نے کہاجنوبی علاقوں میں توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر امریکی حملوں کے بعد نظام دباو کا شکار ہو گیا ، شہری بجلی کا استعمال کم ،زیادہ استعمال کے اوقات میں ائیر کنڈیشنرز بند رکھیں،اقدام سے جنوبی صوبوں میں بجلی کی فراہمی یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔
دوسری جانب کویت کی وزارت بجلی، پانی و توانائی نے کہا ایرانی حملے میں بجلی ،ڈی سیلینیشن پلانٹ،متعدد تنصیبات کو نقصان پہنچا، بجلی پیدا کرنے والے کئی یونٹس بند ہو گئے۔
دریں اثناایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہااسرائیل امریکہ کی خارجہ پالیسی اور اندرونی سیاست پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہا ہے،اسرائیل کی امریکی ٹیکس دہندگان کا پیسہ استعمال کرکے امریکہ میں اپنے ناقدین کو خاموش کرانے کی کوشش زیادہ تشویشناک بات ،سب جلد بے نقاب ہو جائے گا۔
علاوہ ازیں وائٹ ہاوس نے کہا دوبارہ کشیدگی کے باوجود ایران سے بات چیت ہورہی ہے،صدر ڈونلڈ ٹرمپ سفارتکاری کےلئے اب بھی تیار ہیں،صدر ٹرمپ ایران کو اس وقت جواب دہ ٹھہرائیں گے جب امریکہ سے کیے گئے وعدوں سے پیچھے ہٹے گا،سفارتکاری کے دروازے بند نہیں کیے ،آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں پر حملوں کی اجازت نہیں دیں گے ،ایران کو قیمت چکانا ہوگی۔
امریکہ کی شدید بمباری،شہری انفراسٹرکچر تباہ،8افرا د شہید،ایران کے جوابی وار



















