وفاق نے صوبوں سے نئے ترقیاتی ایجنڈے، پہلے منصوبوں پر عملدرآمد رپورٹ طلب کرلی

لاہور (مشرق نیوز) وفاق نے صوبوں سے نئے ترقیاتی ایجنڈے اور پرانے منصوبوں پر عملدرآمد کی رپورٹ طلب کر لی۔وفاقی حکومت نے صوبائی منصوبہ بندی وزرا کا چوتھا اجلاس جلد طلب کرنے کا فیصلہ کر لیا، پلاننگ کمیشن نے تمام صوبوں سے ورکنگ پیپرز فوری طلب کرلئے۔

پلاننگ کمیشن نے گزشتہ اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد رپورٹ 25 جولائی تک جمع کرانے کی ہدایت کی، تمام رپورٹس کا جائزہ اہم بین الصوبائی اجلاس میں لیا جائیگا۔ پنجاب، سندھ، بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو مراسلہ جاری کر دیا گیا۔

صوبوں سے زرعی، صحت، ہیپاٹائٹس، ذیابیطس اور ماسٹر پلان سے متعلق فیصلوں پر پیشرفت طلب کی گئی، کیا زرعی، صحت اور برآمدات سے متعلق فیصلے صرف کاغذوں تک محدود رہے؟غیر قانونی ہاوسنگ سوسائٹیز اور شہری پھیلاو روکنے کے حکومتی دعووں کا کیا بنا؟

وفاق نے ہیپاٹائٹس، ذیابیطس اور آبادی کنٹرول کے منصوبوں کی کارکردگی، کسانوں کو بیج، کھاد اور زرعی سہولیات کی فراہمی اور برآمدات بڑھانے کے ضلعی منصوبوں کی پیشرفت پر رپورٹ طلب کر لی۔ پلاننگ کمیشن کے اجلاس میں ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے قومی منصوبے پر عملدرآمد کا جائزہ لیا جائیگا۔