منیلا:(مشرق نیوز)پاکستان ،یورپی یونین نے شراکت داری مضبوط بنانے، تعاون کو وسعت دینے کے عزم کااعادہ کرلیا۔
دفترخارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں 33ویں آسیان ریجنل فورم کے موقع پر یورپی یونین کی خارجہ امور و سلامتی پالیسی کی اعلیٰ نمائندہ اور یورپی کمیشن کی نائب صدر کایا کالاس سے ملاقات کی ،شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا،ملاقات کے دوران کایا کالاس نے حالیہ دورہ اسلام آباد اور پاکستان یورپی یونین سٹریٹجک ڈائیلاگ کے آٹھویں دور کو خوش گوار انداز میں یاد کیا۔
دونوں رہنماوں نے اتفاق کیا خطے میں پائیدار امن و استحکام کےلئے سفارتکاری ہی واحد موثر و دیرپا راستہ ہے،اسحاق ڈار ، کایا کالاس نے امریکہ ،ایران کی صورتحال کے تناظر میں علاقائی سلامتی، عالمی توانائی کی منڈیوں، سمندری سلامتی، تجارت اور سپلائی چینز پر ممکنہ اثرات کا بھی جائزہ لیا ،بین الاقوامی قوانین کی پاسداری ،مسلسل مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا۔
اسحاق ڈار نے جی ایس پی پلس فریم ورک کے تحت تمام بین الاقوامی کنونشنز پر موثر عملدرآمد کےلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہایورپی یونین کےساتھ اقتصادی شراکت داری کو انتہائی اہمیت دیتے اور تعاون مزید مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں۔
پاکستان ،یورپی یونین کا شراکت داری مضبوط بنانے، تعاون کو وسعت دینے کاعزم



















