وزیر خزانہ کی امریکی ہم منصب سے ملاقات، معاشی تعاون بڑھانے پر اتفاق


واشنگٹن :(بیورورپورٹ) وزیر خزانہ کی امریکی ہم منصب سے ملاقات، معاشی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق وزیر خزانہ سینیٹر اورنگزیب ،سکاٹ بیسنٹ نے ملاقات میں معاشی تعاون کو مزید فروغ دینے، امریکی سرمایہ کاری میں اضافے اور مشترکہ تزویراتی منصوبوں پر پیشرفت کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا،سینیٹر اورنگزیب نے بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹوں تک بہتر رسائی، زرمبادلہ ذخائر میں اضافے اور پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کے تناظر میں مارکیٹ تک رسائی کےلئے امریکی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔

دریں اثنا وزیر خزانہ سینیٹر اورنگزیب نے امریکی انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ فنانس کارپوریشن (ڈی ایف سی)کے نمائندوں سے ملاقات کی ،توانائی، آئی ٹی، انفراسٹرکچر، معدنیات ،خوراک اور زراعت جیسے ترجیحی شعبوں میں ڈی ایف سی کے بھرپور تعاون کی خواہش کا اظہار کیا ۔