لاہور (مشرق نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے آزاد کشمیر الیکشن میں مسلم لیگ (ن) پر دھاندلی کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ باریک واردات کی ماسٹر مائند پیپلز پارٹی دھاندلی کا رونا رو رہی ہے۔ مریم نواز نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں لکھا دھاندلی کی باریک واردات کی ماسٹر مائند پیپلز پارٹی دھاندلی کا رونا رو رہی ہے، قیامت کتنے بجے ہے؟
قبل ازیں پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری حسن مرتضیٰ کا لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا آزاد کشمیر الیکشن میں ہمارے ساتھ دھاندلی کی گئی، ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑائی جاتی رہیں، الیکشن کمیشن وہاں پر الیکشن ایجنٹ کا کردار ادا کرتا رہا، آپ نے تو دھاندلی کی نئی مثال قائم کردی ہے۔
مریم نواز کا نام لئے بغیر حسن مرتضیٰ کا کہنا تھا آپ کے والد کشمیر میں جا کر کہہ رہے ہیں مجھے وزیراعظم بنا دیا جائے، آج اگر آپ کشمیر جاکر وزیراعظم کا مطالبہ کرتے ہیں تو یہ پیپلزپارٹی کی بدولت ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی آزاد کشمیر میں پہلے مرحلے میں ہونے والے انتخابات میں دھاندلی کا الزام عائد کر چکے ہیں۔
باریک واردات کی ماسٹر مائند پیپلز پارٹی دھاندلی کا رونا رو رہی ہے، قیامت کتنے بجے ہے؟ مریم نواز



















