لاہور (اپنے نمائندے سے) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے 5 اگست 2019ءکو مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرنے کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کو آج سات برس مکمل ہو چکے ہیں، مگر یہ اقدامات نہ تنازعہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کر سکے اور نہ ہی کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کو کمزور کر سکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی صریح خلاف ورزی کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو مزید متنازعہ بنا دیا۔ مودی سرکار کا 5 اگست 2019ءکا اقدام عالمی قوانین، اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی اصولوں کے منافی ہے اور یہ دن تحریک آزادی کشمیر کی تاریخ میں ہمیشہ ایک سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ بھارت کا یہ اقدام خود کو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کہلانے والے ملک کے ماتھے پر ایک کلنک کا ٹیکہ بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام گزشتہ 78 برس سے ریاستی دہشت گردی، ظلم و ستم، لاقانونیت، استحصال، قتل و غارت اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا سامنا کر رہے ہیں، جبکہ 5 اگست 2019ءکو کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ بھارت کی کھلی جارحیت اور دہشت گردی ہے، جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کیلئے بھی ایک کھلا چیلنج ہے۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جب تک مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل نہیں ہوتا، کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی جاری رہے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ظلم و جبر کے تمام ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت سے دستبردار نہیں ہوں گے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پاکستانی عوام نے ہمیشہ کشمیری عوام کے ساتھ اپنی دلی وابستگی، محبت اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستانیوں کے دل اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ امیر جماعت اسلامی نے امید ظاہر کی کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام کی طویل جدوجہد کامیابی سے ہمکنار ہوگی، کشمیری ایک بار پھر متحد ہو کر اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں گے اور الحاق پاکستان کے خواب کو حقیقت کا روپ دینے میں کامیاب ہوں گے۔
بدترین ہتھکنڈوں کے باوجود بھارت کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو کمزور نہ کرسکا:نعیم الرحمن


















