غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث کسٹمز بانڈڈ ویئر ہاوسز اہلکاروں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے: وزیراعظم

اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کسٹمز بانڈڈ ویئر ہاوسز کے تین سالہ آڈٹ کا حکم دیدیا۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے امور پر جائزہ اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہوا جس میں انہوں نے ملک بھر کے کسٹمز بانڈڈ ویئر ہاوسز کا 3 سال کا آزادانہ تھرڈ پارٹی آڈٹ کروانے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کسٹمز بانڈڈ ویئر ہاوسز میں کسی بھی بے ضابطگی کی گنجائش نہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کسی بھی بے ضابطگی اور غیر قانونی سرگرمی میں ملوث اہلکاروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے۔

اجلاس کو کسٹمز بانڈڈ ویئر ہاوسز اور ان لینڈ ریونیو انفورسمنٹ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ کسٹمز ویئر ہاوسز میں پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق کارگو کی نگرانی وی-باک (We-BOC) سسٹم سے منسلک ہے۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ بانڈڈ تجارت ملک کی کل درآمدات کا 16.5 فیصد ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر ملک بھر کے کسٹمز بانڈڈ ویئر ہاوسز کی فزیکل سٹاک ویری فکیشن بھی کروائی جائیگی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ کسٹمز بانڈڈ ویئر ہاو¿سز کی لائسنسنگ اور سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ کسٹمز بانڈڈ ویئر ہاوسز کی ویلیوایشن ٹیسٹنگ کروائی جائیگی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سسٹمز کا بھی جائزہ لیا جائیگا۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ کسٹمز بانڈڈ ویئر ہاوسز میں بے ضابطگیوں کو ختم کرنے کے حوالے سے ضروری اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اجلاس میں وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزیر پیٹرولیم ڈویڑن علی پرویز ملک، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ، وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر، رکن قومی اسمبلی عثمان اویسی، گورنر سٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی شریک ہوئے۔